لیاری، عمارت کے ملبے سے لاکھوں روپے اور بھاری مالیت کا سامان برآمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے لیاری میں ناقص تعمیرات کے باعث زمین بوس ہونے والی کثیر منزلہ رہائشی عمارت کے ملبے سے لاشوں کے علاوہ لگ بھگ 19 لاکھ روپے کی کرنسی اور پرائز بانڈز اور لاکھوں روپے مالیت کا زیورات اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے۔پاکستان رینجرز کے ذرائع کے مطابق یہ سامان سندھ رینجرز کے مقامی ونگ کی تحویل میں تھا جسے مقامی سول انتظامیہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔سندھ رینجرز ذرائع کے مطابق لیاری کھڈا مارکیٹ کی لیاقت کالونی میں منظم عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام گزشتہ روز مکمل کرلیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق عمارت کے ملبے سے 22 مکینوں کی لاشیں اور چھ زخمی نکالے گئے۔پاکستان رینجرز ذرائع کے مطابق اس دوران ملبے سے 16 لاکھ 6 ہزار آٹھ سو دس روپے نقد جبکہ دو لاکھ 67 ہزار روپے مالیت کے 327 پرائز بانڈز بھی ملے۔رینجرز ذرائع کے مطابق جائے حادثہ سے برآمد شدہ سامان میں نقدی کے علاوہ موبائل فونز، الیکٹرانک آئٹمز، گولڈ اور آرٹیفیشل جیولری مختلف اقسام کی گھریلو اشیا، ہینڈ بیگز، لیڈیز اور جینٹس پرس اور دیگر قیمتی اشیا شامل ہیں جو پاکستان رینجرز کی تحویل میں تھیں۔رینجرز ترجمان کے مطابق جائے وقوع پر رینجرز کے متعلقہ افسران نے یہ تمام سامان اور نقدی کراچی کی سول انتظامیہ کے حوالے کردی ہے۔