چارسدہ‘ سابق وزیر قانون ارشد عبداللہ کا جمعیت میں شمولیت کا فیصلہ
چارسدہ (بیو رو رپورٹ) اے این پی کے سابق وزیر قانون بیرسٹر ارشد عبد اللہ کی جے یو آئی میں شمولیت کا فیصلہ۔جے یو آئی کے وفدکا سابق وزیر قانون سے ملاقات۔جے یو آئی کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمان بھی عنقریب باقاعدہ دعوت دینے کیلئے چارسدہ آئینگے۔خاندان اور ہم خیال ساتھیوں کی مشاورت اور رضامند ی کے بعد باقاعدہ اعلان کرونگا۔ارشد عبد اللہ کا موقف۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے ضلعی امیر سابق ایم این اے مولا نا سید گوہر شاہ، حاجی دانشمند، حاجی ظفر علی خا ن، مولانا محمد طیب اور مولانا جمیل احمد پر مشتمل وفد نے اے این پی کے سابق وزیر قانون بیرسٹر ارشد عبداللہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ اس حوالے سے وفد نے بیرسٹر ارشد عبداللہ کو بتایا کہ جے یوآئی کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمان کی قیادت میں صوبائی تنظیم کا وفد بھی عنقریب باضابطہ دعوت دینے کیلئے چارسدہ کا دورہ کرینگے۔ جے یو آئی میں شمولیت کے حوالے سے رابطہ کرنے پر بیرسٹر ارشد عبداللہ نے میڈیا کو بتایا کہ جے یو آئی سمیت قومی وطن پارٹی، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی کے وفود نے مختلف اوقات میں ان سے ملاقاتیں کی اور سب نے اپنے کاروان میں شامل کرنے کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی میں شمولیت کے حوالے سے وہ اپنے خاندا ن او ر ہم خیال ساتھیوں سے مکمل مشاورت اور ان کی رضامندی کے بعد اعلان کرینگے۔