خطرناک راہزن گروہ گرفتار، 93 لاکھ چھینی گئی رقم برآمد

خطرناک راہزن گروہ گرفتار، 93 لاکھ چھینی گئی رقم برآمد

  

پشاور(کرائمز رپورٹر) کپیٹل سٹی پولیس پشاور نے خطرناک راہزن گروہ کا سراغ لگا کر سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزمان میں سے تین کا تعلق ضلع مردان جبکہ ایک کا تعلق چارسدہ سے ہے جو پشاور میں وارداتوں کے بعد واپس فرار ہو جاتے تھے، گروہ کا سرغنہ اور مرکزی ملزم حضرت بلال اسلام آباد میں بال بچوں سمیت عارضی طور پر رہائش پذیر تھا جہاں وہ ٹھاٹ باٹ کی زندگی بسر کر رہا تھا، چاروں ملزمان نے ابتدائی تفتیش کیدوران 19 خطرناک وارداتوں میں ملوث ہونیکا اعتراف کر تے ہوئے مزاحمت پر ایک شہری کو قتل جبکہ متعدد کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کر لیا ہے، ملزمان کے قبضہ سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، موٹر سائیکل اور مختلف وارداتوں میں چھینے گئے 93 لاکھ روپے سے زائد کی رقم برآمد کر لی گئی ہے جن سے دوران تفتیش مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ کی 7 تاریخ کو تھانہ بھانہ ماڑی پولیس نے راہزنی کی واردات کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے خطرناک راہزن گروہ کے دو ارکان حضرت بلال ولد خائستہ گل اور مبین شاہ ولد مسکین شاہ سکنہ مردان کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا جن کے قبضے سے چھینے گئے ساڑھے پانچ لاکھ روپے بھی برآمد کر لئے گئے تھے جنہوں نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے تھے جن کی گرفتاری کی خاطر ڈی ایس پی سبرب اختراز خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی تھی تفتیشی ٹیم نے پشاور سمیت مردان اور چارسدہ میں بھی ملزمان کے ٹھکانوں پر متعدد بار چھاپے مارے جبکہ ان کی کڑی نگرانی بھی شروع کی جو گزشتہ روز خفیہ اطلاع ملنے پر کسی سنگین واردات کی غرض سے پشاور میں داخل ہونے والے دونوں ملزمان عادل ولد بختیار اور ذیشان ولد اکبر کو بھی نہایت حکمت عملی کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے جنہوں نے ابتدائی تفتیش کیدوران پشاور بھر میں 19 خطرناک وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے تھانہ فقیرآباد، تھانہ شاہ قبول، تھانہ کوتوالی اور تھانہ شرقی کی حدود میں متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا، ملزمان نے دوران واردات مزاحمت پر متعدد شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے جن کے قبضہ سے مختلف وارداتوں میں چھینی گئی 93 لاکھ روپے سے زائد رقم بھی برآمد کرنے سمیت وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے گروہ کا سرغنہ حضرت بلال کا تعلق مردان سے ہے جو کہ عارضی طور پر اسلام آباد میں رہائش پذیر تھا جو واردات کی غرض سے ساتھیوں کو پشاور بلا کر موٹر سائیکل پر وارداتوں کے بعد واپس فرار ہو جاتا تھا، تمام ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے

مزید :

پشاورصفحہ آخر -