رواں سال آسٹریلیا میں ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کی امیدیں روشن، آسٹریلوی حکومت نے ایسا اعلان کر دیا کہ بھارت کی تمام امیدوں پر پانی پھر جائے، شائقین کرکٹ کیلئے زبردست خوشخبری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آسٹریلین حکومت کی جانب سے جولائی میں 10ہزار تک تماشائیوں کو سٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت دینے کے بعد رواں سال شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کی امیدیں بھی روشن ہو گئی ہیں جبکہ آسٹریلین وزیر کھیل بھی میگا ایونٹ کی میزبانی کیلئے پرامید ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں تماشائیوں کی محدود تعداد کو سٹیڈیمز میں آمد کی اجازت ملنے کے بعد ٹی 20 ورلڈکپ کی میزبانی کا امکان بڑھنے لگا ہے۔ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہونے پر حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جولائی سے کھیلوں کے مقابلے دیکھنے کیلئے 40 ہزار کی گنجائش والے سٹیڈیم میں 10ہزار تماشائی آ سکیں گے البتہ سٹینڈز اور کھانے پینے کے سٹالز پرسماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق 40 ہزار سے زائد گنجائش رکھنے والے وینیوز کے بارے میں پالیسی اگلے مرحلے میں تیار کی جائیگی، آسٹریلین میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت دینا انتہائی مثبت پیش رفت ہے اور اس وجہ سے اکتوبر، نومبر میں شیڈول انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20ورلڈ کپ کی میزبانی کے امکانات میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اجازت ملنے اور شرکت کرنے والی 16ٹیموں کی نقل و حمل کے ساتھ قیام و طعام میں بھی تعاون کی یقین دہانی پر میگا ایونٹ کا رواں سال آسٹریلیا میں انعقاد ممکن ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے وزیر کھیل رچرڈ کول بیک نے ایک بار پھر امید ظاہر کی کہ آسٹریلیا رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے میں کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر کنٹرول کی صورتحال کافی بہتر ہوگئی، وفاقی حکومت ایونٹ منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،تمام تر احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ورلڈکپ کرانے کا خواب پورا ہو سکتا ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی تیزی سے بہتر ہوتی صورتحال اور ٹی 20 ورلڈکپ کے انعقاد کے امکانات میں اضافہ اگرچہ شائقین کرکٹ کیلئے ایک اچھی خبر ہے مگر بی سی سی آئی حکام اس حوالے سے یقینا افسردہ ہی ہوں گے کیونکہ وہ میگا ایونٹ کو ملتوی کرا کر اکتوبر، نومبر میں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کرانے کے خواب دیکھ رہے تھے جو اب شرمندہ تعبیر ہوتے نظر نہیں آتے۔ البتہ اگر بی سی سی آئی نے جولائی، اگست میں آئی پی ایل کرانے کا فیصلہ کیا تو اس صورت میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اپنے سٹیڈیمز دینے کی پیشکش پہلے ہی کر رکھی ہے۔