" پتا نہیں اللہ نے کس نیکی کے بدلے میں مجھے سلیم عطا کیا" ماہرہ خان نے اپنی محبت کا اعتراف کرلیا

" پتا نہیں اللہ نے کس نیکی کے بدلے میں مجھے سلیم عطا کیا" ماہرہ خان نے اپنی ...

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) اداکارہ ماہرہ خان نے اعتراف کیا ہے کہ انہیں اپنے خوابوں کا شہزادہ مل گیا ہے اور وہ انہیں اللہ تعالیٰ نے ان کی کسی نیکی کے بدلے میں عطا کیا ہے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کے ساتھ انسٹاگرام پر ایک لائیو ویڈیو سیشن کے دوران بتایا کہ انہیں سلیم کریم سے محبت ہوگئی ہے، اس سے متعلق بیان کرنا مشکل ہے، پتہ نہیں وہ مجھے کسی نیکی کے بدلے ملے ہیں وہ اس کی مستحق تو نہیں تھیں۔"

میزبان ایچ ایس وائی نے اداکارہ سے سوال کیا کہ آپ جب انہیں دیکھتی ہیں تو آپ کو کیا احساس ہوتا ہے۔ اداکارہ نے اس بات پر کہا کہ انہیں ہمسفر ڈرامے کی ایک لائن یاد آئی ہے جس میں اشعر نے خرد کے بارے میں کہا تھا کہ پتا نہیں تم مجھے کس نیکی کے بدلے میں  ملی ہو، سلیم کے بارے میں بھی میں یہی کہوں گی کہ اللہ میاں نے پتا نہیں مجھے کس نیکی کے بدلے وہ عطا کیا ہے۔

خیال رہے کہ ماہرہ خان کی مئی 2019 میں سلیم کریم کے ساتھ ترکی میں لی گئی تصاویر سامنے آئی تھیں جس کے بعد ایک بھارتی ویب سائٹ پنک ولا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ دونوں نے ترکی میں منگنی کی ہے۔ بعد ازاں اداکارہ کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ترکی میں ایک دوست کی شادی میں شرکت کیلئے گئی تھیں اور وہیں تصاویر لی گئی ہیں۔

مزید :

تفریح -