وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے اپوزیشن اراکین اسمبلی کی ملاقات،بجٹ میں حمایت کی یقین دہانی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدارسے مسلم لیگ (ن) اور پاکستا ن پیپلزپارٹی کے صوبائی اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران اراکین کی جانب سے وزیرا علیٰ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیاہے اور صوبائی بجٹ کی منظوری کے لئے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملنے والے اپوزیشن اراکین میں جلیل احمد شرقپوری،اشرف انصاری، غیاث الدین اور فیصل نیازی شامل تھے،جبکہ رئیس نبیل احمد،عنضفر عباس اور اظہر عباس چانڈیا نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران منتخب نمائندوں نے عثمان بزدارکو حلقوں اورعلاقے کے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیراعلیٰ کی جانب سے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ پنجاب کانیابجٹ صوبے کے عوام کیلئے ترقی وخوشحالی کانیا باب رقم کرے گا،صوبے کی تاریخ میں ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈاضافہ کیاجا رہاہے،کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے،ہر ضلع کیلئے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایاگیاہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سازشیں کرنے والوں کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو چکی ہے، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کا جو حشر ہوا وہ سبق آموز اور عبرتناک ہے، عوام انتشار پید ا کرنے والے تمام عناصر کو مسترد کرچکے ہیں۔اب افراتفری نہیں بلکہ عوام کی خدمت کی سیاست چلے گی، میرے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں۔
اپوزیشن اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔