مہنگائی کی کمر توڑنے والا بجٹ دیں گے، فردوس عاشق اعوان نے خوشخبری سنا دی
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پنجاب کے بجٹ 22-2021 سے متعلق کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر وفاق کے عوام دوست بجٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی زیر سرپرستی کل پنجاب کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بجٹ کا مرکز و محور عوام کو ریلیف دینا خصوصا پنجاب میں بسنے والے غریب کسان، محنت کشوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہوگا۔ مہنگائی کی کمر توڑنے کیلئے خصوصی اقدامات نظر آئینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی عثمان بزدار کی ہدایت کے مطابق سوشل سیکٹر کیلئے تاریخی بجٹ، سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبریاں بجٹ کا حصہ ہوں گی۔ مشکل وقت کےبعد اب عوام کو ڈلیور کرنے کا وقت ہے۔ اپوزیشن کو گھسا پٹا چورن بیچنے کیلئے بجٹ میں کچھ نہ چھوڑیں گے۔