چین کے بیلٹ اینڈ روڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ سمیت 7 ملکوں نے مل کر 40 ہزار ارب ڈالر کا منصوبہ لانے کا اعلان کردیا

چین کے بیلٹ اینڈ روڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ سمیت 7 ملکوں نے مل کر 40 ہزار ...
چین کے بیلٹ اینڈ روڈ کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکہ سمیت 7 ملکوں نے مل کر 40 ہزار ارب ڈالر کا منصوبہ لانے کا اعلان کردیا
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکہ سمیت دنیا کی امیر ترین سات جمہوریتوں کے اتحاد جی سیون (امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، کینیڈا) نے چین کا مقابلہ کرنے کیلئے 40 ٹریلین ڈالر (40 ہزار ارب ڈالر) کا منصوبہ "بِلڈ بیک بیٹر ورلڈ" (بی 3 ڈبلیو) کا منصوبہ پیش کردیا۔

روئٹرز کے مطابق اس وقت جی سیون کا سربراہی اجلاس جنوب مغربی انگلینڈ میں جاری ہے جس میں گزشتہ 40 سال کے دوران چین کی بڑھتی ہوئی معاشی اور فوجی طاقت کا مقابلہ کرنے کیلئے حل تلاش کیا جا رہا ہے۔

امریکہ کے صدارتی محل وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جی 7 ممالک نے ترقی پذیر ممالک کی مدد کیلئے 40 ہزار ارب ڈالر کا بی تھری ڈبلیو نامی منصوبہ پیش کیا ہے جو 2035 تک مکمل کیا جائے گا۔

جوبائیڈن انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ  " یہ صرف چین کا مقابلہ کرنے کیلئے نہیں ہے، بلکہ اب تک ہم نے ایک ایسا مثبت متبادل پیش ہی نہیں کیا جو ہماری اقدار، ہمارے سٹینڈرڈز اور ہمارے کام کے طریقے کو واضح کرسکے۔"

جی سیون ممالک اور ان کے اتحادی بی تھری ڈبلیو منصوبے کے ذریعے ماحولیات، صحت اور ہیلتھ سیکیورٹی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور صنفی مساوات کے شعبوں میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔

تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بی تھری ڈبلیو منصوبے کو کس طرح شروع کیا جائے گا اور کتنے فنڈز مختص کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ چین کی جانب سے شروع کیا جانے والے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے پر اب تک 100 سے زائد ممالک دستخط کرچکے ہیں۔ اس منصوبے کی لاگت 900 ارب ڈالر سے زائد ہے۔ پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔