پنجاب کا بجٹ کیسا ہو گا ؟سردار عثمان بزدار کا  ایسا دعویٰ کہ حکومت مخالف جماعتیں ہاتھ ملتے رہ جائیں

پنجاب کا بجٹ کیسا ہو گا ؟سردار عثمان بزدار کا  ایسا دعویٰ کہ حکومت مخالف ...
پنجاب کا بجٹ کیسا ہو گا ؟سردار عثمان بزدار کا  ایسا دعویٰ کہ حکومت مخالف جماعتیں ہاتھ ملتے رہ جائیں

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنےدعویٰ کرتےہوئےکہاہےکہ مربوط معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں پنجاب خوشحالی اور معاشی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور رہنمائی میں پنجاب سمیت وطن عزیز ترقی اور خوشحالی کی صحیح سمت پر گامزن ہو چکا ہے،ترقی کے نئے دور میں ہر شعبہ ہائے زندگی خوشحالی کے ثمرات سے مستفید ہوگا،پنجاب کا یہ بجٹ تاریخ  ساز  ہوگا،بجٹ میں سب کے لئے خوشخبریاں ہیں،ہم اس سال ریکارڈ ترقیاتی بجٹ پیش کرنے جا رہے ہیں،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے بجٹ میں اضافہ کیا جارہا ہے،کورونا کی تیسری لہر کے معاشی اثرات سے نمٹنے کیلئے آئندہ مالی سال میں بھی ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔

تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت آج  صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی،سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت دیگر وزراء اوراراکین پنجاب اسمبلی کی بڑی تعداد نے اجلاس میں شرکت کی، اجلاس میں بجٹ کے بارے میں حکمت عملی طے کی گئی۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ذمہ داری سنبھالی تو پنجاب بدترین مالیاتی دور سے دوچار تھا،اربوں روپے کااوور ڈرافٹ اور نامکمل ترقیاتی منصوبے ورثے میں ملے،صوبائی  بجٹ میں تجویز کردہ اقدامات سے صوبے کی معیشت پھلے پھولے گی،بجٹ سیشن میں میں اور میری ٹیم موجود رہے گی،اراکین اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ بجٹ اجلاس کے دوران بھی جاری رہے گا،اتحادی جماعت سے بہترین تعلقات ہیں،بجٹ آسانی سے پاس ہو گا اور اپوزیشن بکھر چکی ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کے منصوبے کو سابق حکومت نے بلاوجہ رو کے رکھا، سابق حکمرانوں نے ذاتی پسند و ناپسند کو ترجیح دی اور منصوبوں کو اپنی انا کی بھینٹ چڑھایا، شہباز شریف دور ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کی گئیں، اسمبلی کی نئی عمارت میں اراکین اسمبلی کے لئے بے پناہ سہولتیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ملکر کام کرتے رہیں گے،ہم اتحادی ہیں اور رہیں گے، نیک نیتی سے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں عوام کی مزید خدمت کی توفیق فرمائے۔

صوبائی خزانہ ہاشم جواں بخت نے صوبائی پارلیمانی پارٹی کے شرکاء کو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے اہم خدو خال کے بارے میں آگاہ کیا ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی اجلاس سے خطاب کیا

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -