کیا بجٹ کے بعد نئی گاڑیاں مہنگی ہوں گی؟ خریداروں کیلئے بڑی خبر آگئی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے بجٹ 2023-24ء میں ’آٹو موٹیو انڈسٹری ڈویلپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 2022-26ء‘ پر عمل پیرا رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ نئی کاروں پر نہ ہی ٹیکسز میں کوئی اضافہ کیا گیا ہے اور نہ ہی کمی۔اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے نئی کار خریدنے کے خواہش مند افراد کو کچھ اچھی اور کچھ بری خبروں کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
ابتدائی طور پر تجویز دی گئی تھی کہ بجٹ میں نئی گاڑیوں پر ایڈوانسڈ انکم ٹیکس، کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور کسٹمز ڈیوٹی میں اضافہ کیا جائے گا۔خوش قسمتی سے یہ بجٹ کی دستاویز میں یہ تجویز شامل نہیں کی گئی۔ چنانچہ اچھی خبر یہ ہے کہ اب نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو گا۔
دوسری طرف ملک کی معاشی ابتری کی وجہ سے حکومت کی طرف سے انڈسٹری کو کوئی ریلیف بھی نہیں دیا گیا، چنانچہ بری خبر یہ ہے کہ کاروں کی قیمتوں میں مستقبل قریب میں کوئی کمی بھی متوقع نہیں ہے۔ انڈسٹری کو آئندہ سال بھی کم و بیش ویسے ہی حالات کا سامنا ہو گا، جیسا گزشتہ مالی سال میں رہا۔