رفح میں حماس کابوبی ٹریپ دھماکہ، میجرسمیت 4صہیونی فوجی ہلاک، 7زخمی 

رفح میں حماس کابوبی ٹریپ دھماکہ، میجرسمیت 4صہیونی فوجی ہلاک، 7زخمی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

غزہ،تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے جنوبی غزہ میں ایک عمارت میں بوبی ٹریپ دھماکے میں میجر سمیت 4اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور 7کو زخمی کردیا،جبکہ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں حملہ کرکے حزب اللہ کے سینئر فلیڈ کمانڈر سمیت 4افراد کو شہید کر دیا۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق رفح کے علا قے شابورا مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کو ایک عمارت کے اندر مشتبہ نقل و حرکت محسوس ہوئی تو انہوں نے وہاں کارروائی کا فیصلہ کیا، تاہم داخل ہونے سے قبل اندر دھماکہ خیز مواد پھینک کر دھماکے کیے تاکہ اگر یہ کوئی جال ہو تو اسے ناکام بنایا جاسکے۔اسرائیلی فوجی اچھی طرح اطمینان کرنے کے بعد فوری طور پر کوئی دھماکہ نہ ہونے کے بعد اندر داخل ہوئے، جیسے ہی دو فوجی تین منزلہ عمارت میں داخل ہوئے، اندر ایک زوردار دھماکا ہوا جس سے عمارت جزوی طور پر زمیں بوس ہوگئی اور اسرائیلی فوجی ملبے تلے دب گئے۔حملے میں میجرسمیت 4فوجی ہلاک اور 7زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔بعدازاں اسرائیلی فوجی کو عمارت میں ایک بارودی سرنگ کا ثبوت ملا، جس سے پتہ چلا یہ حماس کا بچھایا گیا ایک جال تھا،ہلاک فوجیوں میں کمپنی کمانڈر میجر تال پشیبلسکی شاولوف، سٹاف سارجنٹ ایٹن کارلسبرون، سارجنٹ الموگ شلوم اور سارجنٹ یائر لیون شامل ہیں، ان سب کا تعلق گیواتی بریگیڈ کی جاسوس یونٹ سے تھا، سارجنٹ یائر لیون اسرائیلی انتہاپسند سیاستدان موشے فیگلن کا پوتا تھا،ان ہلاکتوں سے غزہ میں حماس کیخلاف اسرائیلی زمینی کارروائی کے دوران ہلاک فوجیوں کی تعداد 299ہو گئی۔دوسری طرف غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے گاؤں جویا میں حملہ کر کے حزب اللہ کے سینئررہنما طالب عبداللہ کو شہید کر دیا، جس نے 8ماہ سے اسرائیل کیخلاف حملے جاری رکھے ہوئے تھے،گزشتہ سال اکتوبر سے اسرائیلی فوج غزہ کیساتھ لبنان پر بھی حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جس میں ابتک حزب اللہ کے کمانڈرز سمیت 300جنگجو شہید ہو چکے ہیں،اسرائیلی حملوں کے جواب میں حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی اہداف کو میزائلو ں سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی فوجی ہلاک

مزید :

صفحہ آخر -