منڈیوں میں صفائی کے ناقص انتظامات

  منڈیوں میں صفائی کے ناقص انتظامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنوں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں عیدالاضحٰی کیلئے مویشیوں کی خرید و فروخت کے عارضی سیل پوائنٹس اور منڈیاں قائم کردی گئی ہیں جہاں پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بنیادی انتظامات کی فراہمی کے دعوے کیے جارہے ہیں۔اِس کے علاوہ مقامی انتظامیہ عید قربان پر جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے گھر گھر ماحول دوست بیگ فراہم کرنے کے ساتھ صفائی ستھرائی کے حوالے سے بھی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔منڈیوں کے قیام اور انتظامیہ کے دعوؤں کے باوجود  شہریوں اور بیوپاریوں کی طرف سے سہولیات کی عدم فراہمی کی شکایات سننے میں آرہی ہیں جبکہ انتظامیہ ماحول دوست بیگ تو فراہم کر رہی ہے لیکن صفائی کے انتظامات اطمینان بخش نہیں ہیں۔ ہر عید قربان پر اِس طرح کے انتظامات کئے جاتے ہیں لیکن  شہریوں کی کثیر تعداد کو اپنی مدد آپ کے تحت ہی جانوروں کی آلائشو ں کو ٹھکانے لگانا پڑتا ہے۔ ضرورت اِس اَمر کی ہے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ عیدالاضحی پر صفائی ستھرائی کے نظام کو موثر بناتے ہوئے تمام تر خامیوں کو دور کرے تاکہ شہریوں کو تعفن کا سامنا نہ کرنا پڑے۔جنوبی پنجاب کی مویشی منڈیوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر کرنا ازحد ضروری ہے جس کے لئے انتظامیہ کو اپنے دعوؤں کو عملی طور پر سچ کر دکھانا ہو گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -