پاک،ایران گیس منصوبہ سے پی پی کو فائدہ ہوگا، عوامی رائے

پاک،ایران گیس منصوبہ سے پی پی کو فائدہ ہوگا، عوامی رائے
پاک،ایران گیس منصوبہ سے پی پی کو فائدہ ہوگا، عوامی رائے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (رانا جاوید/الیکشن سیل) پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح پی پی حکومت کی ساکھ بحال کر گیا، صدر زرداری نے آخری اوور میں چھکا مارکر پاکستان پیپلزپارٹی کی پوزیشن بہتر کردی، انرجی بحران سے نکلنے کے لئے یہ منصوبہ اہم سنگ میل ثابت ہوگا پی پی کے ووٹ بینک میں اضافہ ضرور ہوگا۔ لاہور کے شہریوں کی رائے گزشتہ روز ”روزنامہ پاکستان“ کی طرف سے کئے گئے سروے میں اچھرہ کے رہائشی نذیر حسین نے کہا کہ پاک ایران گیس منصوبہ ہمارے ملک کے لئے بہت فائدہ مند ہے یہ ایک بڑا بریک تھرو ہے اس گیس پائپ لائن منصوبے کے الیکشن پر ضرور اثرات مرتب ہوں گے اور پیپلزپارٹی کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوگا۔ پاکستانی قوم اپنے ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ اچھے روابط رکھنا چاہتی ہے اور خاص طور پر انرجی کی ضروریات کو پوراکرنے کے لئے ہمیں گیس کی اشد ضرور ت ہے۔ مسلم ٹاﺅن کے رہائشی زاہد حسین نے کہا پچھلے پانچ سال میں پی پی حکومت نے جتنے بھی کام کئے ان سب سے بڑا کام یہ پائپ لائن منصوبے کا افتتاح ہے۔ امریکہ کے پریشر کے باوجود اس گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح صدر زرداری کا ایک بڑا اہم کام ہے اور صدر پاکستان نے امریکہ کی مخالفت کے باوجود ایران کے ساتھ گیس منصوبہ کا افتتاح کرکے یہ ثابت کردیا کہ ہم اپنے فیصلوں میں آزاد ہیں۔ اس فیصلے سے پی پی کے ووٹ بینک میں ضرور اضافہ ہوگا اور آئندہ الیکشن میں پی پی کو اس فیصلے کا کریڈٹ ضرور ملے گا۔ مزنگ کے رہائشی صفدر نے کہا کہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ انرجی بحران ہے اس بحران پر قابو پانے کے لئے صدر زرداری نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کا جومعاہدہ کیا ہے اس سے پاکستانی عوام کو حوصلہ ہوگیا ہے اور اس سے پاکستان پیپلزپارٹی کی ساکھ بحال ہوئی ہے ۔ انارکلی کے رہائشی محمد وسیم نے کہا ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور پوری دنیا میں واحد اسلامی ملک ہے جو کہ امریکہ کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے اس کے ساتھ گیس منصوبے کا معاہدہ پاکستانی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔ پی پی حکومت نے آخری دنوں میں امریکہ کے پریشر کے باوجود ایران کے ساتھ معاہدہ کرکے یہ بتادیا ہے کہ ہم انرجی کے بحران کو حل کرنے کے لئے کسی حد تک جاسکتے ہیں۔ پاک ایران گیس منصوبے سے پی پی ووٹ بینک میں یقینی اضافہ ہوگا۔ نیلا گنبد کے رہائشی ناصر عباس نے کہا پاک ایران گیس منصوبے کے معاہدے سے ملک میں خوشحالی آئے گی اور انرجی کا بحران ختم ہونے میں مدد ملے گی میں سمجھتا ہوں صدر زرداری نے یہ معاہدہ کرکے اپنی حکومت کی ساکھ بہتر کی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں سے بڑھ کر کام کیا ہے۔ جو پی پی کے ووٹ بینک میں اضافہ ضرور کرے گا۔ گوالمنڈی کے رہائشی افضل نے کہا کہ پی پی حکومت نے پانچ سال میں پہلی مرتبہ اچھا کام کیا ہے امریکہ کی مخالفت کے باوجود گیس پائپ لائن منصوبے کا افتتاح پاکستان کے لئے ترقی کی راہیں کھولے گا، آئندہ الیکشن میں اس معاہدے کے اثرات مرتب ہوں گے۔