دنیامیں سب سے کم ٹیکس کن ممالک میں دینا پڑتاہے؟حیران کن جواب جانئے
دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی اور ٹیکس کنسلٹنسی اداروں کی طرف سے مشرق وسطیٰ کو کم ترین ٹیکس لینے والا خطہ قرار دے دیا گیا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب کم ترین ٹیکس لینے والے ممالک میں سرفہرست قرار پائے ہیں۔
مزید پڑھیں:فوجی تعلقات توڑنے پر سعودی عرب نے احتجاجاً سویڈن سے سفیر واپس بلا لیا
بین الاقوامی ادارے پرائس واٹر ہاﺅس کوپرز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور قطرنہ صرف کم ترین ٹیکس کے لحاظ سے دنیا میں سرفہرست ہیں بلکہ یہاں ٹیکس کی ادائیگی کا عمل بھی آسان ترین ہے۔ چھ صفحات پر مشتمل اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹیکس فائل کرنے کے لئے کل 12 گھنٹے اور چار اقساط کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ اوسط ٹیکس ریٹ 14.8 فیصد ہے۔ قطر میں ٹیکس فائل کرنے کے لئے 41 گھنٹے اور چار اقساط درکار ہوتی ہیں جبکہ یہاں اوسط ٹیکس ریٹ 11.3 فیصد ہے۔ سعودی عرب میں ٹیکس فائل کرنے کے لئے 64 گھنٹے اور تین اقساط درکار ہوتی ہیں جبکہ اس ملک میں اوسط ٹیکس کی شرح 15.5 فیصد ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ذاتی آمدنی پر کوئی براہ راست ٹیکس لاگو نہیں کیا جاتا ہے۔ اس ملک میں کیپیٹل گینز ٹیکس، ویلیو ایڈڈ ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور کارپوریٹ ٹیکس بھی نہیں لیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ٹیکس کی شرح اور ادائیگی کے لحاظ سے اس ملک کو عالمی فہرست میں نمبر ون قرار دیا گیا ہے۔