لاہور میں ہارس شو کا انعقاد

لاہور میں ہارس شو کا انعقاد

مکرمی! لاہور میں ہارس اینڈ کیٹل شو کا انعقاد شہریوں کے لئے ہوا کا ایک تازہ جھونکا ہے۔ ملک میں امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر گزشتہ 11 سال سے ہارس اینڈ کیٹل شو کے انعقاد کا سلسلہ منقطع تھا۔ پاکستان میں امن عامہ کی صورت حال بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ امن عامہ کی بحالی کے ساتھ ہی ملک میں ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا ہے جو ایک اچھی پیش رفت ہے۔ حکومت عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ ہارس اینڈ کیٹل شو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اس ثقافتی شو میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت اس عزم کی عکاس ہے کہ قوم دہشت گردوں کی کارروائیوں سے خوفزدہ نہیں۔ کشمیر، گلگت، بلتستان ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ اور پنجاب نے ایک بار پھر اس ثقافتی شو میں شرکت کر کے اور یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ ہم کسی سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت اس ثقافتی میلے کے انعقاد پر مبارک باد کی مستحق ہے۔ (محمد ضیاء آفتاب، نیو گارڈن ٹاؤن لاہور)

مزید : اداریہ