اسرائیلی خفیہ اداروں کیلئے مخبری کے الزام میں فلسطینی پر فرد جرم عائد کردی گئی

اسرائیلی خفیہ اداروں کیلئے مخبری کے الزام میں فلسطینی پر فرد جرم عائد کردی ...

غزہ (این این آئی)فلسطینی عدالت نے اسرائیل کے خفیہ اداروں کیلئے مخبری کے الزام میں گرفتار فلسطینی پر جرم ثابت ہونے کے بعد فرد جرم عائد کرتے ہوئے اسے قوم سے بد دیانتی کا مرتکب قرار دیا ہے۔غزہ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کی سپریم ملٹری کورٹ نے 26سالہ فلسطینی ملزم کو صہیونی ریاست کے خفیہ اداروں کیلئے مخبری کے الزام میں 15سال قید با مشقت کی سزا کا حکم دیا ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دشمن ملک کی فوج کیلئے جاسوسی کرنے کے سنگین جرم میں ملوث ملزم کی مخبری کے نتیجے میں کسی شخص کی جان ضائع نہیں ہوئی۔ اس لئے ملزم کو کم سے کم 15سال قید کی سزا دی جاتی ہے۔ اگر مخبری کے نتیجے میں کسی فلسطینی کو شہید کردیا جاتا تو ملزم کو موت کی سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا تھا۔

مزید : عالمی منظر