سعودی وزیر برائے ہاؤسنگ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

سعودی وزیر برائے ہاؤسنگ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

ریاض(آئی این پی) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی فرمان کے تحت مملکت کے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر شویش الضویحی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ، ڈاکٹر عصام بن سعید کو نیا وزیر ہاؤسنگ مقرر کردیا گیا۔سعودی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر بن سعید کو کابینہ کے ماہرین بورڈ کے چیئرمین اور وزیرمملکت کے اضافی عہدے بھی دیے گئے ہیں۔نئے وزیر برائے ہاؤسنگ ڈاکٹرعصام بن سعید اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں انہوں نے قاہرہ یونیورسٹی سے قانون میں پی ایچ ڈی کررکھی ہے۔اس سے قبل وہ کابینہ کے ماہرین بورڈ میں شعبہ قانون میں ریسرچ کے عہدے پر کام کرچکے ہیں۔ 2003ء کو انہیں ماہرین کونسل کے معاون چیئرمین کاعہدہ سونپا گیا جبکہ 2006ء کو انہیں ادارے کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

انہوں نے کابینہ کے زیرانتظام عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے قائم کردہ بورڈ میں اہم اصلاحات متعارف کرائیں اور عدالتی ڈھانچے میں ضروری تبدیلیاں کرانے کے ساتھ ساتھ قانون اور معاشیات کے حوالے سے منعقدہ عالمی فورمز میں سعودی حکومت کی بھی نمائندگی کی۔

مزید : عالمی منظر