سروسز ہسپتال میں بم کی افواہ ،بھگدڑ سے مریض زخمی

سروسز ہسپتال میں بم کی افواہ ،بھگدڑ سے مریض زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال)سروسز ہسپتال میں موبائل چور اور پاگل عورت نے دو مقامات پر بم نصب ہیں دوڑ جاؤ کی آوازیں لگا لگا کر ہسپتال خالی کروا دیابم کی موجودگی کے اعلانات پر ایمرجنسی کے ڈاکٹر شیشے توڑ کر کود گئے جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین میں بھگدڑمچ گئی مریض لگی ہوئی ڈرپس اور خون کے بیگ لیے وارڈ چھوڑ کر کھلی جگہوں پر جمع ہو گئے جہاں کئی مریضوں کی حالت نازک ہو گئی اس صورتحال سے متعدد وارڈز خالی ہو گئے اطلاع پا کر بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور وارڈوں کی تلاش لینے کے بعد بم سکواڈ نے ہسپتال کو اوکے کر دیا بعد ازاں مریض وارڈوں میں واپس چلے گئے تفصیلات کے مطابق جمعرات کی دوپہر کو ساڑھے 3بجے کے قریب سروسز ہسپتال میں ایک پاگل عورت اور موبائل چور نے چاروں جانب بم کی کی افواہ پھیلا دی ایک ہی وقت میں ایمرجنسی اور سرجیکل بلاک میں ایک نہیں دو دو بم رکھنے کی افواہیں پھیلیں ،ہسپتال کے عملے کے مطابق بم کی موجودگی کا پہلا اعلان ایمر جنسی میں ایک نامعلوم موبائل چور نے کیا اس چور نے افرا تفری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دو مریضوں کے موبائل چوری کئے جب مریضوں کے لواحقین نے سیکیورٹی گارڈوں کی مدد سے اس چور کو پکڑنے کی کوشش کی تو چالاک چور نے آوازیں لگانا شروع کر دیں کہ ایمر جنسی میں بم نصب کر دیئے گئے ہیں اعلانات سن کر ڈاکٹروں نے ایمرجنسی کے بند شیشے توڑ کر دوڑیں لگوا دیں اس منظر کو دیکھ کر مریضوں نے بھی بیڈ خالی کر دیئے دوسری جانب سرجیکل وارڈ میں اچانک ایک پاگل عورت نمودار ہوئی جس نے کئی وارڈوں میں جا کر اعلانات کیے کہ ہسپتال میں بم رکھ دیے گئے ہیں اس طرح ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مائیں اپنے بچوں کو اٹھا کر کھلے مقام کی طرف دوڑ پڑیں دیکھتے ہی دیکھتے وارڈ خالی ہو گئے بھگدڑ کی وجہ سے سیڑھیوں پر گر کر کئی مریض زخمی ہو گئے تاہم بم کی اطلاع پھیلا کر دونوں مرد اور عورت غائب ہو گئے۔یہ خبر پورے ہسپتال میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور پورے ہسپتال کے وارڈ خالی ہو گئے اس حوالے سے ڈیوٹی اے ایم ایس کا کہنا ہے کہ محض افواہ تھی حقیقت میں افواہ موبائل چور اور پاگل عورت نے پھیلائی حالات جلد قابو میں کر لیے گئے۔