ڈائر یکٹو کی بنیاد پر قبضہ کیخلاف درخواست چیئر مین واپڈا کو وضاحت کیلئے پیش ہونیکا حکم

ڈائر یکٹو کی بنیاد پر قبضہ کیخلاف درخواست چیئر مین واپڈا کو وضاحت کیلئے پیش ...

 لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے ٹیکسائل ملز کی اراضی پر واپڈا کی جانب سے لینڈ ایکو زیشن ایکٹ کے رولز کے بجائے وزیراعظم کے ڈائریکٹیو کی بنیاد پر قبضہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پرچیئرمین واپڈا کوخود حاضر ہوکروضاحت پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔جسٹس عبادالرحمن لودھی کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے پاکستان کویت ٹیکسائل لمٹیڈ جوہر آباد کی جانب سے واپڈا کی طرف سے درخواست گزار کی 32 کنال اراضی پر قبضہ کرنے اورمارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ ادا نہ کرنے کے خلاف دائردرخواست پرسماعت کی۔ عدالت کے طلب کرنے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نوید رسول مرزا پیش ہوئے ان کے ساتھ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شان گل ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید نیئرعباس رضوی ، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد ناصرچوہان بھی پیش ہوئے۔ جسٹس عبادالرحمان لودھی نے استفسارکیا کہ عدالتی حکم کے باوجود چیئرمین واپڈا پیش کیوں نہیں ہوئے؟جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ چیئرمین واپڈا اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت ہونیوالے اجلاس میں شرکت کے لئے گئے ہوئے ہیں ۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کوبتایا کہ ریونیوریکارڈ کے مطابق اراضی درخواست گزارکے نام ہے اورابھی تک اس کے استعمال میں بھی ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 2اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا کو آئندہ تاریخ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔ اراضی تنازعہ

مزید : صفحہ آخر