ماڈل ٹاؤن گھریلو تنازع پر سالے نے بہنوئی کو قتل ،اس کے بھائی کو شدید زخمی کر دیا
لاہور(کرائم سیل) ماڈل ٹاؤن کے علاقہ میں گھریلو تنازع پر سالے نے بہنوئی کو قتل جبکہ اس کے بھائی کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ ایدھی ٹیم نے زخمی کو قریبی ہسپتال میں منتقل کر دیاجبکہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے۔پولیس کے مطابق 38سالہ محمد گلزار 2بچوں کا باپ اورفیصل آباد کا رہائشی تھا۔گزشتہ روز وہ اپنے بھائی25سالہ محمد اشرف کے ساتھ لاہور میں اپنے سالے آصف سے ملنے کے لیے اس کے گھر ماڈل ٹاؤن پلی کے قریب آیا ہوا تھاجہاں ان کی خاندانی معاملات میں تلخ کلامی ہو گئی اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی جس پر طیش میں آ کرآصف نے ان دونوں پر فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ملزم فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گیا۔اہل علاقہ نے فا ئرنگ کی آواز سن کر پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے دونوں زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا ۔محمد گلزار ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا جبکہ محمد اشرف کی ہسپتال میں حالت نہایت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح ہسپتال کے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے جبکہ اس کے ورثا کو فیصل آباد میں اطلاع دے دی گئی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے واقعہ کا مقدمہ مقتول کے ورثا کی آمد پر درج کیا جائے گا۔