محمد عامر کرکٹ کے میدان میں واپس آتے ہی چھا گئے
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے آئی سی سی کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ کے روز کرکٹ کی دنیا میں دوبارہ قدم رکھ دیا ہے اور اپنے پہلے ہی میچ میں انہوں نے شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں بھی اپنے نام کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملنے کے بعد محمد عامر نے راولپنڈی میں پی سی بی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ پیٹرنزگریڈ ٹو ٹرافی کے ایک میچ میں عمر ایسوسی ایٹس کی نمائندگی کی۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ دنیائے کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ” جب مجھ پر پابندی لگی تھی اس وقت میں عروج پر تھا، جب بھی آپ کو موقع ملے تو اچھا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور میں اچھا کرنے کے لیے سخت محنت کر رہا ہوں“۔
راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں منعقدہ میچ میں عامر اپنی پرانی فارم میں دکھائی دیئے اور انہوں نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے اپنے پہلے سپیل میں 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اپنی پرفارمنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ ”شکر ہے کہ میرا پہلا سپیل کافی اچھا ہوا ہے۔ ٹورنامنٹ میں ابھی مزید تین میچ کھیلنے ہیں اور میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے سخت محنت کر رہا ہوں“۔ عالمی کپ میں شرکت کا موقع نہ ملنے سے متعلق سوال کے جواب میں محمد عامر نے کہا کہ ” ہر کھلاڑی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرے۔ پاکستانی ٹیم میں اس وقت جو کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہی بہترین کھلاڑی ہیں اور میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں“۔
واضح رہے کہ 2010ءمیں انگلینڈ میں کھیلے گئے ایک ٹیسٹ میچ میں سپاٹ فکسنگ کے الزام کے پاکستان ٹیم کے اس وقت کے کپتان سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف پر پابندی عائد کی گئی تھی تاہم اس معاملے میں آئی سی سی کے ساتھ تعاون کرنے اور بہترین رویہ اپنانے پر آئی سی سی نے محمد عامر کی سزا میں کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد انہیں مقامی کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی گئی اور اس کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ان پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔