آرمی چیف کی سی پیک پر کام کرنے والوں کو سیکورٹی فراہمی کا عزم قابل تعریف ہے

آرمی چیف کی سی پیک پر کام کرنے والوں کو سیکورٹی فراہمی کا عزم قابل تعریف ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے اقتصادی راہداری اور اس گیم چیبجر منصوبہ پر کام کرنے والوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا عزم قابل تعریف ہے۔ سپہ سالار اور مسلح افواج اس منصوبہ کی اہمیت و افادیت ، درپیش مسائل اور دشمنوں کے عزائم سے آگاہ اور سازشوں کا توڑ کرکے اسے کامیاب بنانے کیلئے پر عزم ہیں جس سے کاروباری برادری اور عوام کے اطمینان میں اضافہ ہوا ہے۔ اس ضمن میں پندرہ ہزار جوانوں پر مشتمل سپیشل سیکورٹی ڈویژن قائم کرنا وقت کی ضرورت تھی۔ شاہد رشید بٹ نے ایک بیان میں کہا کہ دشمن کا ایجنڈا پاک فوج سے چھپا ہوا نہیں ہے اور اس منصوبہ کو نقصان پہنچانے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ اس منصوبہ کی وجہ سے کئی ممالک کی راتوں کی نیند اڑ گئی ہے اور وہ اسے ہر ممکن نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم انکے عزائم کامیاب نہیں ہو رہے جس سے انکی بے چینی میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ اس منصوبہ سے پاکستان اور چین کی دوستی میں اضافہ ہو گا جبکہ پاکستانی معیشت مستحکم ہو گی جو دشمنوں کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ اس منصوبے سے نہ صر پاکستان کو دنیا بھر میں بہتر مقام ملے گا بلکہ ٹیکس کی مد میں ہونے والی آمدن پاکستان کی معیشت پر شاندار اثرات
بھی ڈالے گی۔ پاکستان میں معاشی انقلاب برپا کرنے والا یہ منصوبہ نہ صرف ایک نئی شاہراہ ریشم کو جنم دے گا جو تجارت کو محفوظ، آسان اور مختصر بنائے گی بلکہ اس کے ساتھ ہی گوادر کو ایک انتہائی اہم مقام میں تبدیل کر دے گا یہی وجہ ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر نہ صرف بھارت بلکہ امریکہ اورپوری دنیا میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد امریکا کو اپنی سپر پاور کا سورج غروب ہوتا نظر آرہا ہے۔

عسکری قیادت برملا اس بات کا اظہار کر چکی ہے کہ اس منصوبے کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی اس منصوبے کے خلاف چھیڑی گئی سرد جنگ کا بھرپور مقابلہ کرے تاکہ پاکستان اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔

مزید :

کامرس -