امریکہ کیساتھ تجارتی محاز آ رائی سے دونوں کا نقصان ہو گا، چین
بیجنگ(آ ئی این پی ) چین نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی محاز آ رائی سے دونوں کا نقصان ہو گا،تحفظ تجارت کی کوئی بھی صورت دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ، نئے امریکی وزیر تجارت ولبر روس سے ملاقات کے منتظر ہیں،دونوں ملک معاشی تجارتی اور دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے درست اقدامات کریں گے۔چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق چین کے وزیر تجارت چونگ شان نے سالانہ اجلاس کی ضمنی جانب ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارتی محاز آ رائی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے بلکہ اس سے صرف نقصان ہی ہو گا۔فریقین کے درمیان دو طرفہ روابط کی بہتری کے لیے معاشی اور تجارتی تعاون کی اہمیت کا زکر کرتے ہوئے وزیر تجارت نے کہا کہ باہمی تعاون ہی درست انتخاب ہے اور دونوں ملکوں کومل کر تعاون کے فروغ سے اختلافات کو حل کرنا چاہیے۔جناب چونگ کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اور چین کے مفادات ایک دوسرے سے قریبی وابستہ ہیں اور سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے فریقین کے درمیان تجارتی معاشی تعاون درست سمت پر ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ "تحفظ تجارت" کی کوئی بھی صورت دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں ہے۔وزیر تجارت کامزید کہنا تھا کہ وہ نئے امریکی وزیر تجارت ولبر روس سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے رہنما اور حکومتیں چین امریکہ معاشی تجارتی تعلقات کے فروغ سے دو طرفہ تعلقات کی بہتری کے لیے درست اقدامات کریں گے۔