معذور افراد کو کاروبارکیلئے 396فیصد سے زائد کے بلا سود قرضے فراہم

معذور افراد کو کاروبارکیلئے 396فیصد سے زائد کے بلا سود قرضے فراہم

  

اسلام آباد (اے پی پی)معذور افراد کی بحالی اور تربیت کے غیر منافع بخش ادارے لائیو لی ہُڈ سینٹر فار ڈس ایبیلیٹی اینڈ ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل سی ڈی ڈی پی) نے گذشتہ سال 2016ء کے دوران معذور افراد کو اپنے کاروبارکیلئے 396فیصد سے زائد کے بلا سود قرضے فراہم کئے ہیں۔ ایل سی ڈی ڈی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عمران نذیر نے اتوار کو ’’ اے پی پی ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سال 2015ء کے دوران معذور افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے بلاسود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا تھا جس کیلئے مخیر حضرات نے عطیات فراہم کئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے سال کے دوران 53معذور افراد کو 7لاکھ 25ہزار روپے کے قرضے فراہم کئے گئے تھے جن میں 44مرد اور 9خواتین شامل تھیں۔ عمران نذیر نے بتایا کہ گذشتہ سال کے دوران ایل سی ڈی ڈی پی نے معذور افراد کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے 28لاکھ 75ہزار روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے ہیں اور دوران سال 166افراد کو قرضے دیئے گئے جن میں 141مرد اور 25خواتین شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے بتایا کہ رواں سال 2017ء میں اب تک ادارے کی جانب سے 28مردوں سمیت 3خواتین کو 5لاکھ 35ہزار روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دو سال کے قلیل عرصہ کے دوران ایل سی ڈی ڈی پی کی جانب سے 250معذور افراد کو مجموعی طور پر 41لاکھ 35ہزار روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جا چکے ہیں اور وہ کامیابی سے اپنا کاروبار کر کے 10ہزار تا 35ہزار روپے ماہانہ کما رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایل سی ڈی ڈی پی معذور افراد کی بحالی اور تربیت کے ساتھ ساتھ بلاسود قرضوں کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے تاکہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے ۔ عمران نذیر نے کہا کہ معذور افراد کو تھوڑی سی توجہ فراہم کرکے انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلوایا جاسکتا ہے ۔

مزید :

کامرس -