فلم اور ٹی وی دونوں شعبوں میں مصروف ہوں،سینئر اداکارہ راحیلہ آغا
لاہور(فلم رپورٹر)فلم اور ٹی وی کی سینئر اداکارہ راحیلہ آغا نے کہا ہے کہ میں ان دنوں فلم اور ٹی وی دونوں شعبوں میں مصروف ہوں۔نجی ٹی وی کے لئے بنایا جانے والے میگا پراجیکٹ ’’ناگن‘‘میں میرا رول پاور فل اور پرفارمنس سے بھرپور ہے۔اس ڈرامے کی کہانی روائتی ڈگر سے ہٹ کر ہے۔میرے پرستار میرے رول کو مدتوں یاد رکھیں گے۔راحیلہ آغا نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی تباہی میں غیر سنجیدہ لوگوں کا ہاتھ ہے جو لوگ اس کام کو جانتے نہیں وہ کرتا دھرتا بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلمی مافیا اب ٹی وی تباہی کے لئے سرگرم ہے۔ راحیلہ آغا نے کہا کہ اب تمام فلم میکروں کو چاہیے کہ وہ اس انڈسٹری کے لئے معیار کو ترجیح دیں ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں بھارت جا کر گلیمرس کام کرنے والی اداکاراؤں کے بارے میں بہت وا ویلا کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں موجود اداکارائیں گلیمر کے نام پر جو کچھ کررہی ہیں وہ نا قابل بیان ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ کم مگر معیاری کام کو ترجیح دی ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لئے انقلابی اقدامات اٹھانا ہوں گے اور اس کے لئے ٹی وی میں کام کرنیوالی باصلاحیت اور خوبصورت اداکاراؤں کو بھی فلموں میں کام کرنے کے موقع ملنا چاہیے۔ راحیلہ آغانے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی میرا خواب ہے ۔اس وقت میں شوبز میں بہت مصروف ہوں مگر اجتماعی طور پر میں پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کی خواہشمند ہوں اور اس کے لئے ضروری ہے کہ فلم کے تمام شعبوں میں نئے لوگوں کو مواقع ملنے چاہیے اور خاص طور پر اداکاری کے میدان میں ٹی وی اور سٹیج کے باصلاحیت اداکاروں کو آگے لانا چاہیے تاکہ انڈسٹری میں نئے اداکاروں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی انڈسٹری میں نئے اداکاروں کو متعارف کروانے کا رحجان عام ہے ۔جب تک نئے خون کو آگے آنے کا موقع نہیں ملتا انڈسٹری کی بحالی میں اتنی ہی مشکلات پیش آئیں گی ۔