پتنگ بازی کا سلسلہ جاری شہریوں کے فون پر 15نے کان بند کرلئے

پتنگ بازی کا سلسلہ جاری شہریوں کے فون پر 15نے کان بند کرلئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار) پتنگ بازی جیسے قاتلانہ کھیل پر پابندی کے باوجود پتنگ بازوں نے حکومتی پابندی کا بو کاٹا کر دیا اور پتنگ بازوں نے منی بسنت منائی۔ شہر کے 15سے زائد تھانوں کی حدود میں دن بھر پتنگ بازی اور بعض مقامات پر کیمیکل ڈور سے پتنگ بازی کی گئی اور دن بھر بو کاٹا کے نعرے لگتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق پتنگ بازی جیسے جان لیوا کھیل نے زور پکڑ لیا ہے اور گزشتہ روز اتوار کے دن لاہور کے 15تھانوں سبزہ زار ، شیرا کوٹ ، غازی آباد، نواں کوٹ، سمن آباد، ساندہ، اسلام پورہ، مغل پورہ، ہربنس پورہ، باغبانپورہ، گجر پورہ ، فیکٹری ایریا، مصطفےٰ آباد اور شاہدرہ سمیت شفیق آباد کے علاقوں میں دن بھر پتنگ بازی کا سلسلہ جاری رہا اور اس میں پتنگ باز غازی آباد باغبانپورہ اور ساندہ سمیت سمن آباد کے علاقوں میں کیمیکل ڈور سے پتنگ بازی کرتے رہے جس میں منچلوں کی جانب سے کھلے عام پتنگ بازی کی جانے پر دن بھر بو کاٹا کے نعرے لگتے رہے ہیں اور منچلوں کی جانب سے کھلے عام پتنگ بازی کرنے اور بو کاٹا کے نعرے لگانے پر شہریوں نے دن بھر شدید مشکلات کا سامنا رہا ، اس موقع پر شہری پولیس ایمرجنسی 15اور متعلقہ تھانوں میں فون کر کے اطلاع بھی دیتے رہے۔ کے باوجود پولیس خاموش رہی۔ جس پر پولیس نے بعض مقامات پر کارروائی کے طور پر چھاپے بھی مارے، اس کے باوجود پولیس نہ تو کسی پتنگ ساز کو پکڑ سکی اور نہ ہی پتنگ بازی کے خلاف کوئی بڑے پیمانے پر کارروائی کر سکی۔ جس کے باعث شہریوں کے اندر دن بھر خوف کا سماں رہا اور شہری خوف کے مارے سہمے ہوئے گھروں سے نکلتے رہے جس پر شہریوں نے ’’پاکستان‘‘ کے دفتر میں فون کر کے بھی کھلے عام ہونے والی پتنگ بازی کے بارے شکایات سناتے رہے، جس میں شہریوں نے ہربنس پورہ ، سمن آباد، شیرا کوٹ اور غازی آباد میں کیمیکل ڈور سے پتنگ بازی کی شکایات کیں، دوسری جانب پتنگ بازی کے قاتلانہ کھیل کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پتنگ بازی کی مخالف تنظیموں کے نمائندوں شیخ محمد امین قادری، راؤ محمد اکرم خان، اکرام اللہ کاکڑ اور شیخ محمد حسین نے کہا ہے کہ حکومتی پابندیوں کے باوجود پتنگ بازی سراسر زیادتی ہے، وزیر اعلیٰ کو نوٹس لینا چاہئے اور جن علاقوں میں پتنگ بازی کی گئی ہے ان علاقوں کے ایس ایچ او ز کو معطل کرنا چاہئے، جبکہ ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ پتنگ سازی اور پتنگ بازی پر مکمل پابند ی ہے ۔ایس پیز سے رپورٹ طلب کی جا رہی ہے، جس کے بعد متعلقہ ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔