اورنج اور میٹرو بس پر لاگت سے پنجاب میں ہسپتالوں کی چین بن سکتی تھی ،عمر کسانہ
لاہور(پ ر) تحریک انصاف لاہور کی ایگزیکٹو باڈی کے رکن محمد عمر کسانہ نے کہا ہے اورنج ٹرین اور میٹرو بس پر آنے والی لاگت سے پورے پنجاب میں ہسپتالوں کی چین بن سکتی تھی جس سے غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات اپنے علاقوں میں ہی دستیاب ہوسکتی تھیں ۔ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ سے لاہور کے ہسپتالوں پر سے مریضوں کا رش بھی کم ہو جانا تھا لیکن ن لیگ کی پالیسیاں صرف لوہے کو سامنے رکھتے ہوئے بنتی ہیں کہ کونسے منصوبے میں زیادہ لوہا استعمال ہو سکتا ہے اور کس منصوبے میں کمیشن بھی زیادہ ملے گا ۔ڈیفنس میں تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمر کسانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کا سار ا پیسہ تو لاہور میں لگایا جارہا ہے جبکہ دیگر شہروں میں صرف عوام کو تسلیاں دی گئیں ہیں ۔جب حکمران لاہور شہر میں عوام کا زیادہ پیسہ خر چ کریں گے تو دیگر اضلاع کے عوام میں احساس محرومی بڑھتا جائے گا۔