پنجاب حکومت کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اقداما ت کررہی ہے،اقبال چنڑ

پنجاب حکومت کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ کیلئے اقداما ت کررہی ہے،اقبال چنڑ

  

لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے گزشتہ روز وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ، طلبہ و طالبات کو شاندار تعلیمی ماحول اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقداما ت کررہی ہے اور اس سلسلہ میں اربوں روپے کے فنڈز خرچ کیے گئے ہیں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ڈیرہ بکھا کی نئی عمارت کی تعمیر پر 2 کروڑ 25 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ صوبائی وزیر امداد باہمی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی پرعزم قیادت میں تعلیم کا شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ ہونہار، ذہین اور محنتی طالب علموں کو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کے لیے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم ہے جہاں سے ہر سال کروڑوں روپے کے تعلیمی وظائف دیے جا رہے ہیں انہوں نے نوجوان طالب علموں کو ہدایت کی کہ وہ محنت، لگن اور کامیابی کے جذبہ سے سرشار ہو کر تعلیم حاصل کریں انہوں نے کہاکہ وہ اپنے اساتذہ اور والدین کا احترام کریں وقت کی پابندی کریں اور نظم و ضبط پر عمل کریں صوبائی وزیر نے کہا کہ غریب ، بے سہارااور یتیم بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے دانش سکول قائم کیے گئے ہیں جہاں مفت تعلیم، کتب، یونیفارم اور تعلیمی وظائف دیے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری سکولوں میں آئی ٹی لیب قائم کردی گئی ہیں جہاں طلبہ و طالبات کو جدید کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور انٹر نیٹ کی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت صوبہ کے تمام اضلاع میں قائم سکولوں میں مسنگ فیسلٹی کی فراہمی کے لیے خطیر فنڈز فراہم کررہی ہے جس سے سکولوں میں بہت بہتری آئی ہے۔انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ وہ محنت، دلچسپی اور جذبہ حب الوطنی کے تحت طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ طلبہ کے لیے رول ماڈل بنیں اور اپنے طالب علموں کی کردار سازی پر بھی بھرپور توجہ دیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -