ہانگ کانگ ٹی 20،کاؤلون کینٹنز نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

ہانگ کانگ ٹی 20،کاؤلون کینٹنز نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

  

ہانگ کانگ(مانیٹرنگ ڈیسک) کاؤلون کینٹنز نے سٹی کائٹک کو 25 رنز سے شکست دے کر ہانگ کانگ ٹی 20 بلٹز کرکٹ ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا ہے۔ سٹی کائٹک کی ٹیم 223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عشر زیدی کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت محض 197 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی۔مشن روڈ گراؤنڈ ہانگ کانگ میں کھیلے گئے میچ میں کاؤلون کینٹنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے۔ بابر حیات سب سے زیادہ 76 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ ڈوین سمتھ نے 68، مارلن سیمیولز نے 32 اور اشر زیدی نے 24 رنز بنائے۔سٹی کائٹک کی جانب سے کوئی بھی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا اور کرس جورڈن سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 44 رنز دے کر صرف ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ندیم احمد نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سٹی کائٹک کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں بہترین آغاز فراہم کیا تاہم مڈل آرڈر بلے باز عمدہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم 223 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 197 رنز ہی بنا سکی۔

سٹی کائٹک کی جانب سے کیل کوئٹزر نے سب سے زیادہ 63 رنز بنائے جبکہ تلکرتنے دلشان نے 23، وقاص برکت نے 2، نکولس پورن نے 28، اعزاز خان نے 0، گیرتھ ہارٹے نے 3، کرس جورڈن نے 7، ریان بکلے نے 34، ریاد امرت نے 4، انکور وسیشتھا نے 1 اور ندیم احمد نے 19 رنز بنائے۔ کینٹز کی جانب سے اشر زیدی سب سے زیادہ کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ یاسر عرفات، مارلن سیموئلز اور تنویر احمد نے 2,2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ بابر حیات نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -