بھارتی بورڈ کا بلائنڈ کرکٹ ٹیم کیلئے ایک کروڑانعام کا اعلان
ممبئی(اے پی پی) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے دوسرے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ کی فاتح بھارتی ٹیم کیلئے ایک کروڑ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کی بلائنڈ ٹیم نے گزشتہ ماہ منعقدہ ورلڈکپ فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ کرکٹ ایسوسی ایشن بلائنڈ انڈیا کے سربراہ نے کہا کہ بی سی سی آئی کے اس اقدام سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے، امید ہے کہ اب دوسری کارپوریٹس بھی ہمارے ساتھ تعاون کیلئے آگے بڑھیں گی۔ بھارتی بلائنڈ ٹیم کے کپتان اجے ریڈی نے بھی بی سی سی آئی کی طرف سے اعلان پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم گزشتہ کئی برسوں سے اس حوصلہ افزائی کے منتظر تھے اور میرے خیال میں اس سے ملک میں بلائنڈ کرکٹ کو فروغ حاصل ہو گا۔