ہیراتھ400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے پرعزم

ہیراتھ400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے پرعزم
 ہیراتھ400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے پرعزم

  

گال(اے پی پی) سری لنکن ٹیم کے قائم مقام کپتان اور مایہ ناز سپنر رنگناہیراتھ نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں 400 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنا ہدف ہے، اگر اپنے مقصد میں سرخرو ہوا تو یہ میری بڑی کامیابی ہو گی۔ ہیراتھ نے بنگلہ دیش کے خلاف گال ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لیکر نہ صرف اپنی ٹیم کو سیریز میں 1-0 کی برتری دلائی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے بطور لیفٹ آرم سپنر زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لیکر نئی تاریخ بھی رقم کر دی۔ ہیراتھ نے 79 میچز میں 366 وکٹیں لے رکھی تھیں، اس سے قبل بحیثیت لیفٹ آرم سپنر زیادہ وکٹیں لینے کا عالمی اعزاز سابق کیوی سپنر ڈینئل ویٹوری کو حاصل تھا جنہوں نے 362 وکٹیں لے رکھی تھیں۔ گال ٹیسٹ میں فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیراتھ نے کہا کہ ریکارڈ اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے، مجھے اس بات کی زیادہ خوشی ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کی جیت کے کام آئی، اب اگلا ہدف 400 وکٹیں مکمل کرنا ہے، میں نہیں جانتا کہ میری فارم کب تک برقرار رہے گی یا میں مزید کتنا کھیلوں گا لیکن 400 وکٹیں مکمل کرنے کیلئے سخت محنت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی طرف سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کے مواقع نہ ملنے پر کوئی پچھتاوا نہیں، میں نے 79 میچز میں جو کچھ حاصل کیا اس پر خوش ہوں۔ مرلی دھرن کی سری لنکن ٹیم میں موجودگی کی وجہ سے ہیراتھ کو زیادہ مواقع نہیں مل سکے لیکن ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد وہ سری لنکا کے نمبر ایک میچ ونر باؤلر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ہیراتھ آئندہ ہفتے 39 برس کے ہو جائیں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -