پہلا آئی جی پی گولڈ کپ والی بال ٹورنامنٹ واپڈا نے جیت لیا

پہلا آئی جی پی گولڈ کپ والی بال ٹورنامنٹ واپڈا نے جیت لیا

  

ٰلاہور ( سٹی رپورٹر ) نیشنل چیمپئن واپڈا نے فائنل میں آرمی کو بآسانی تین صفر سے شکست دے کر پہلا آئی جی پی گولڈ کپ والی بال ٹورنامنٹ جیت لیا جبکہ نیوی نے پولیس کو ہراکر ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے فائنل میں آرمی کی ٹیم توقعات کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہی جس کا واپڈا کے کھلاڑیوں نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ میچ کے تینوں سیٹ میں نہایت کانٹے دارمقابلہ ہوا لیکن خوش قسمتی سے تمام کا فیصلہ واپڈا کے حق میں نکلا جس نے 28-26-25-22-25-21 کے سکور سے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ فاتح ٹیم کے کپتان مراد جہاں ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کاشف نوید بہترین سیٹر ادریس بہترین بلاکر ایمل خان بہترین اٹیکر جبکہ آرمی کے محمد فخر اور سلیم بالترتیب بہترین سکورر اور بہترین لبرو قرار پائے۔ نیوی کے لقمان نے بہترین رسیور کا ایوارڈ اپنے نام کیا فیڈریشن کی جانب سے آفیشلز کی حوصلہ افزائی کیلئے رکھے گئے ایوا رڈریفری عبدالرشیداور جج شہباز نے حاصل کئے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -