سائیکلنگ کے فروغ کیلئے ویلوڈروم بنائے جائیں سردارنزاکت

سائیکلنگ کے فروغ کیلئے ویلوڈروم بنائے جائیں سردارنزاکت

  

اسلام آباد(اے پی پی) قومی سائیکلنگ ٹیم کے کو چ سردار نزاکت نے کہا ہے کہ ملک میں سائیکلنگ کے فروغ کے لئے سائیکلنگ ویلو ڈروم بنائے جائیں، گذشتہ روزجناح سٹیڈیم میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ سائیکلنگ کے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل سطح کی سہولیات فراہم کی جا ئیں تو کھلاڑی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس لاہور کے علاوہ کہیں بھی سائیکلنگ کی تربیت حاصل کرنے کے لئے کوئی ٹریک موجودنہیں ہے۔

، انہوں نے کہا کہ موسم کی خرابی اور بارش کے باعث کھلاڑیوں کا کافی نقصان ہوتا ہے اورکھلاڑی بارش کے باعث تربیت حاصل نہیں کر سکتے، سردار نزاکت کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں اوران کھلاڑیوں نے ہی انٹرنیشنل سطح پر کئی میڈلز حاصل کر رکھے ہیں،انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس فروری 2016 ء بھارت میں کھیلی گئی سیف گیمز میں قومی ٹیم نے چار میڈلز حاصل کئے جن میں ایک چاندی اور تین کانسی کے تمغے شامل تھے،مردوں کے روڈ ٹیم ایونٹ میں نثار احمد، حبیب اللہ، اویس خان اور نجیب اللہ نے چاندی جبکہ خواتین کے روڈ ٹیم ایونٹ راشدہ منیر، راجیہ شبیر، صبحیہ زاہد، فیضہ ریاض نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا اور اسی طرح انفرادی ٹائم ٹرائل میں مردوں میں نثاراحمد اور خواتین میں صبحیہ زاہد نے کانسی کے تمغے حاصل کئے، انہوں نے کہا کہ ہمارے اچھے اور بہترین کھلاڑی صابر کو بھارت کا ویزہ نہ ملنے سے ہمیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ہم ایک یقینی سونے کے تمغے سے محروم ہوئے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -