گل فروش کا قتل ، مرکزی ملزم کے ساتھی کو پولیس گرفتار نہیں کر سکی
لاہور( خبرنگار) ھومی سائیڈ پولیس شالیمار معمولی رنجش پر گل فروش کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ایڈووکیٹ اعجاز احمد کے ساتھی کو ایک ماہ گزر جانے کے باوجود گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دربار مادھولال حسین کے قریب پرویز انور پھول فروخت کرتا تھا کہ معمولی رنجش پر اس کے قریبی دوستوں ایڈووکیٹ اعجاز احمد، فیاض احمد اور ولید احمد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، ھومی سائیڈ پولیس شالیمار نے مرکزی ملزم ایڈووکیٹ اعجاز احمد اورولید احمد کو گرفتار کر رکھا ہے مگرتیسرے شریک ملزم فیاض احمد کو پولیس ایک ماہ گزر جانے کے باوجود گرفتار نہیں کر سکی ہے۔ مقتول گل فروش پرویز انور کے بھائی سہیل انور نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ پولیس نے ملزم فیاض احمد کو تاحال گرفتار نہیں کیاہے ۔ اس حوالے سے تفتیشی افسرعاشق علی نے بتایا کہ ملزمان سے آلہ قتل برآمد کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش مکمل کر کے چالان تیار کیا جا رہا ہے جبکہ تیسرے ملزم فیاض احمد کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔