ایک عہد کا خاتمہ‘ عالمی شہرت یافتہ خطاط ابنِ کلیم انتقال کر گئے

ایک عہد کا خاتمہ‘ عالمی شہرت یافتہ خطاط ابنِ کلیم انتقال کر گئے
ایک عہد کا خاتمہ‘ عالمی شہرت یافتہ خطاط ابنِ کلیم انتقال کر گئے

  

ملتان(اے پی پی) بین الاقوامی شہرت یافتہ خطاط اور خطِ رعنا کے موجد ابنِ کلیم احسن نظامی اتوار کو علی الصبح ملتان میں انتقال کر گئے ۔ ان کی عمر71 برس تھی۔وہ گزشتہ نصف صدی سے ملتان میں فن خطاطی کی تر ویج کیلئے سرگرم تھے ۔ابن کلیم3جنوری1946ء کو ملتان کے علاقے قدیرآباد میں پیدا ہوئے ۔ان کے والد حسن خان کلیم رقم اپنے عہد کے نامورخطاط تھے جنہیں تاج الدین زریں رقم نے احسن التحریر کے لقب سے نوازاتھا۔ابن کلیم نے دینی علوم میں فارغ التحصیل ہونے کے بعد اپنے آبائی فن کے ساتھ ہی وابستگی اختیارکی۔ابتداء میں وہ مروجہ خطوط میں ہی کام کرتے رہے ۔1974ء میں انہوں نے ایک نیا خط ایجاد کیا ۔اس وقت تک خطاطی میں چھ مروجہ اور مقبول خط مستعمل تھے جن میں خطِ کوفی،خطِ ثلث،خطِ نسخ،خطِ رقعہ،خطِ دیوانی اور خطِ نستعلیق شامل ہیں۔ابن کلیم نے خط رعنا کی بنیاد رکھی جس میں تمام مروجہ ضوابط کو ملحوظ خا طر رکھتے ہوئے دائرے اور الف میں نئے تجربات کیے گئے۔صدیوں سے رائج خطوط کی موجودگی میں کوئی نیا تجربہ کرنا بہت حوصلے کا کام تھا۔خط رعنا اپنی خوبصورتی کے حوالے سے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں مقبول ہوگیا۔ابن کلیم ملتان میں دبستان فروغ خطاطی کے ذر یعے خطاطی کے فروغ کے لئے سرگرم رہے انہوں نے اس فن کے فروغ کیلئے بہت سی کتب اورقاعدے بھی شائع کیے ۔ابن کلیم کے فن پاروں کی پاکستان سمیت مختلف ممالک میں متعدد نمائشیں ہوئیں ۔ پاکستان کے کم وبیش تمام بڑے شہروں کے علاوہ بھارت،سعودی عرب،ایران،سویڈن اور ڈنمارک میں بھی ان کے فن پاروں کی نمائش ہوئی اور ان کے فن کو سراہا گیا کرچکے ہیں۔ جبکہ دمشق،اٹلی،امریکہ،برطانیہ اوراستنبول میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس نے ان کے فن پاروں کی نمائشیں کرائیں۔ وہ 31 کتابوں کے مصنف بھی تھے جن میں سے 8فن خطاطی سے متعلق ہیں ۔8کتابیں سرائیکی ادب کے مختلف موضوعات پر تحریر کی گئیں جبکہ باقی کتب میں مختلف سفر نامے اور دیگر موضوعات شامل ہیں۔ان کے پس ماندگان میں میں چھ بیٹے محمد مختار علی ، جمال محسن ، مبشر، حامد اقبال،آصف اقبال ،اور مجاہد ، چار بیٹیاں اور بیوہ شامل ہیں ۔ مرحوم کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز عصر جی پی او گراؤنڈ ملتان میں ادا کی گئی ۔نماز جنازہ جماعت اہلسنت پنجاب کے ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی نے پڑھائی نماز جنازہ میں روزنامہ پاکستان کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر شوکت اشفاق ، عبد الجبار مفتی ، ممبر قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، اعجاز حسین جنجوعہ، رضی الدین رضی، سجادجہانیہ،شاکر حسین شاکر، راشد سیال، ڈاکٹر امین، احتشام الحق، چوہدری طاہر ،جواد امین قریشی ،مختار علی م،مبشر کلیم، مجاہد کلیم ، محسن جمال ، ہاشم خان ، ممتاز ڈاہر ، ظہو راحمد دھریجہ ،سمیت ادیبوں، شعراء، وکلاء سمیت سیاسی وسماجی شخصیات سمیت شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی مرحوم کے درجات کی بلندی کے لئے قل خوانی کل بروز منگل کو جامع مسجد غوثیہ بستی خداداد میں بعد نماز فجر ادا کی جائے گی دعا9بجے ہو گی جبکہ فن خطاطی اور ادب سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے ابن کلیم کی وفات کو عظیم نقصان قراردیا ہے اور ان کی وفات پرگہرے دکھ ورنج کا اظہار کیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -