ہندوبرادری نے ہولی کاتہوارروایتی جوش وخروش سے منایا

ہندوبرادری نے ہولی کاتہوارروایتی جوش وخروش سے منایا

  

لاہور/کراچی/ٹھٹھہ(اے این این)پاکستان کی ہندوبرادری نے ہولی کاتہوارروایتی جوش وخروش سے منایا، مندروں میں ملکی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی پوجا ،گورنر ہاؤس کراچی کی سٹاف کالونی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔میڈیارپورٹ کے مطابق اتوارکوہندوبرادری نے امن و آشتی کی خواہش لئے موسم بہار کی آمد پر روایتی جوش و جذبے کے ساتھ ہولی منا ئی ۔ خوشی کے رنگوں بھرے اس تہوار کے موقع پر مندروں میں ملکی سلامتی اور امن کے لئے خصوصی پوجا کا اہتمام کیاگیا۔ گورنر ہاؤس کراچی کی سٹاف کالونی میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر سندھ محمد زبیر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہندو برادری کو مبارکباد دی اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کی تعریف بھی کی۔ سندھ یونیورسٹی ٹھٹھہ کیمپس میں بھی دن کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ شرکا نے امن کا پرچار کیا اور امن دشمنوں کو دو ٹوک پیغام بھی دیا۔ کندھ کوٹھ میں بھی ہولی کے رنگ خوب نظر آئے۔ اندرون سندھ سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بسنے والے ہندو برادری کے افراد نے بھی خوشیاں منا ئیں۔ ایک دوسرے کو مٹھائی کھلا ئی۔ خصوصی پکوان بھی تیار کئے گئے۔واضح رہے کہ بہار آئے تو ہر سو پھولوں کے کھلتے ہی ہولی رنگ دکھاتی ہے، ہندو برادری جوش و جذبے سے یہ روایتی تہوار مناتی ہے۔ ہولی کا سبھی کو سال بھر انتظار رہتا ہے۔ بچے، بڑے سب خوشی کے رنگوں میں رنگ جاتے ہیں۔ مٹھائی اور خصوصی پکوان پکائے جاتے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -