اسلام مذہب کی بنیاد پر امتیاز روا نہیں رکھتا ، فسادیوں نے اقلیتوں پر ظلم کیلئے اسلام کا نام استعمال کیا:نواز شریف

اسلام مذہب کی بنیاد پر امتیاز روا نہیں رکھتا ، فسادیوں نے اقلیتوں پر ظلم ...

  

اسلام آباد (اے پی پی/ مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہولی کے پرمسرت موقع پر میں پاکستان بھر کی ہندو برادری کو مبارک باد پیش کر تا ہوں،‘یہ موسم کی تبدیلی اور بہار کی آمدکا ا علان ہے‘ اس تہوار میں امید کا پیغام ہے،وہ امید جو ہمیں بہتر مستقبل کی خبر دیتی ہے‘ یہ اس بات کی نویدہے کہ جس طرح سرماکا موسم بہار میں بدلتا ہے، اسی طرح معاشروں کے حالات بھی تبدیل ہوتے ہیں‘ پاکستان کا موسم بھی تبدیل ہو رہا ہے اور یہاں بہار کے وہ دن لوٹ رہے ہیں جن کی تلاش میں مذاہب کے درمیان پر امن بقائے باہمی کی بنیاد رکھی گئی۔ ہندو برادری کے تہوار ہولی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لیے قائم ہوا تھا کہ یہ مسلمانوں ہی کے لیے نہیں، اس خطے میں آباد ہر قبیلے اور برادری کے لیے امن کا مرکز بنے۔قائد اعظم نے 11 اگست1947ء کو واضح کر دیا تھا کہ یہاں مذہب کی بنیاد پر کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روانہیں رکھا جائے گا۔قائد اعظم نے اس تقریر میں مذہبی اقلیتوں کے ساتھ جو وعدہ کیا تھا،ریاست پاکستان اسے نبھانے کی پابند ہے،اس معاملے میں کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی ہندو برادری نے اپنے مسلمان اور دوسرے مذاہب کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر جس طرح وطنِ عزیز کی ترقی میں کر دار ادا کیا ہے،پوری قوم اس کی معترف ہے اور اقلیتوں کے اس جذبے کو سراہتی ہے۔ پاکستان کے عوام کو گزشتہ عرصے میں جس طرح فسادیوں کے ہاتھوں خطرات کا سامنا کر نا پڑا، پاکستان کی اقلیتیں بھی اس سے متاثر ہو ئی ہیں۔یہ بات باعثِ افسوس ہے کہ اس کے لیے اسلام کے نام کو استعمال کیا گیا جو ایک انسان کے قتل کوپوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے اور ایک انسان کی جان بچانے کو پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف سمجھتا ہے،جو انسانی حقوق میں مذہب کی بنیاد پر کسی امتیاز کو روا نہیں رکھتا ، یہی پاکستان کا آئین بھی کہتا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت، اسلام کی تعلیمات اور آئین کی بنیاد پر شہریوں کے مساوی حقوق کویقینی بنائے گی۔اس بات کا اہتما م کیا جا ئے گاکہ کسی کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر کوئی امتیازی سلوک نہ کیا جائے۔انہیں اپنے مذہب پر عمل کر نے کی پوری آزادی ہو‘ ملازمتوں اور دوسرے معاملات میں انہیں کسی محرومی کا احساس نہ ہو۔پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ قومی وحدت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھا جائے،ہم سب یک جان ہو کر ایسا معاشرہ تشکیل دیں جس میں ہر کوئی خود کو آزاد سمجھے اور اسے کسی جبرکا سامنا نہ کر نا پڑے۔’ہولی‘ کا تہوار ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ نیکی باقی رہے گی اور بدی کو لازماً شکست ہوگی۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں ایک بار پھر پاکستان کی ہندوبرادری کو مبار ک باد پیش کرتے ہوئے،ان کے ساتھ ا ظہارِ یکجہتی کرتا ہوں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے ہندؤوں کو ہولی کے تہوار کی مبارکباد ددی اور کہا کہ ہولی کا تہوار موسم کی تبدیلی اور بہار کی آمد کا اعلان ہے، پاکستان کا موسم بھی تبدیل ہو رہا ہے بہار کے دن آ رہے ہیں۔ پاکستان کی ہندو برادری کو ہولی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان خطے کے ہر قبیلے اور برادری کے امن کا مرکز بننے کیلئے قائم ہوا ہے۔ قائد اعظم نے کہا تھا کہ یہاں مذہب کی بنیاد پر کسی سے امتیاز نہیں برتا جائیگا۔

مزید :

صفحہ اول -