آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور مستحکم ہے: انجینئر بلیغ الرحمٰن

آج کا پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور مستحکم ہے: انجینئر بلیغ الرحمٰن

  

بہاولپور(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر مملکت تعلیم وامور داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ثابت قدم ہے۔ یہ بات انہوں نے میپکو ٹرانسفارمرز ریکلیمیشن ورکشاپ وسٹور بہاول پور کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمرز ریکلیمیشن ورکشاپ وسٹور کی تکمیل پر 8کروڑ90لاکھ روپے لاگت آئی ہے جس میں ابتدائی طور پر 100ٹرانسفارمرز مرمت کرنے کی صلاحیت ہے جسے ضرورت کے مطابق ایک ماہ میں 300ٹرانسفارمرز کی مرمت تک بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ورکشاپ میں ایک سال کی مدت کے دوران ٹرانسفارمرز کی مرمت ودرستگی پر 18کروڑ98لاکھ 66ہزار روپے خرچ کئے جائیں گے جو مارکیٹ بیسڈ مرمت کے مقابلہ میں کئی گنا کم ہے۔انہوں نے بتایا کہ ورکشاپ میں 56افراد کام کریں گے جن میں 16افراد میپکو کے تربیت یافتہ ہیں جبکہ 40مقامی افراد لودھراں اور بہاول پور سے بھرتی کئے گئے ہیں۔ میاں بلیغ الرحمن نے بتایا کہ اس ورکشاپ سے قبل ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی صورت میں عوام کو 3سے 7دن تک انتظار کی زحمت اٹھانا پڑتی تھی جبکہ اب یہ زحمت نہیں اٹھانا پڑے گی کیونکہ ورکشاپ میں 100اضافی ٹرانسفارمرز کا پول بھی دستیاب ہو گا جو عوامی سہولت کے پیش نظرفی الفور خراب ٹرانسفارمرز کے متبادل کے طور پر فراہم کر دیا جائے گا۔ بہاول پور کے علاوہ بہاول نگر اور رحیم یار خاں کے اضلاع بھی اس سہولت سے استفادہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بجلی کی فراہمی کے لئے وسائل پیدا کئے اور بجلی کی پیداواری صلاحیت اور ترسیل کے نظام میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کی موثر روک تھام بھی کی گئی۔ گذشتہ حکومت میں عوام سے پیسے اکٹھے کر کے واپڈا کی طرف سے نجی طور پر ٹرانسفارمرز کی مرمت کرنے کے رواج کو یکسر ختم کر دیا گیا ہے جس کے لئے واپڈا اور اس کے ذیلی اداروں کے ملازمین اور افسران کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت تھرمل پاور کی مہنگی بجلی کو سستا بنانے کے لئے متبادل توانائی کے ذرائع استعمال کر رہی ہے اور فرنس آئل کی جگہ سستی ایل این جی کے ذریعہ کارکردگی میں بہتری لائی جا رہی ہے۔ میاں بلیغ الرحمن نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک سے متعلق مخالفین ہمیشہ غلط بیانی کرتے ہیں جبکہ قائد اعظم سولر پارک اپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے اور پیک آورز میں قائد اعظم سولر پارک کی پیداواری صلاحیت 400میگاواٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہماری سرزمین پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ بنائی جا چکی ہے۔حکومت کے موثر اقدامات کی بدولت جرائم کی شرح میں بے پناہ کمی واقع ہوئی ہے۔ کراچی، فاٹا اور بلوچستان سمیت دیگر علاقے محفوظ بنا دیئے گئے ہیں جو حکومت کی گڈ گورننس کی نوید سناتے ہیں۔ وفاقی وزیر مملکت نے بہاول پور شہر کی ترقی کے حوالہ سے بتایا کہ اندرون شہر بجلی کے کھمبوں پر تاروں کے بے جا جال اور جھنجٹ سے نجات کے لئے فور کور تاروں کا نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔ عوامی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے بہاول پور ریلوے اسٹیشن کو عصری تقاضوں کے عین مطابق اپ گریڈیشن کے لئے از سر نو تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں بزرگ ومعذور مسافروں کے لئے لفٹ اور وہیل چیئر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے سد باب کے لئے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک سگنلز کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے حماد ندیم میرانی اور سمیع اللہ چوہدری کی نگرانی میں موثر اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کے پسماندہ علاقہ شاہدرہ میں ٹف ٹائلز لگائی گئی ہیں اوربہت جلد شاہدرہ میں ایک خوبصورت پارک بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں وٹرنری یونیورسٹی بنائی جائے گی جبکہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا ریجنل آفس بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی نصاب میں بہترین تبدیلیاں لاتے ہوئے نصاب میں ناظرہ قرآن پڑھنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے جس پر جلد عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے خصوصی طور پر بہاول پور کے لئے سوئی گیس کا کوٹہ فراہم کر دیا ہے جس کے تحت ملک بھر میں سوئی گیس کے نئے کنکشنز پر پابندی کے باوجود بہاول پور میں نئی آبادیوں کے لئے گیس کنکشن فراہم کئے جائیں گے۔تقریب میں میئر بہاول پور عقیل نجم ہاشمی، مسلم لیگی رہنما معید شاہ بخاری، طاہر محمودجانباز، میڈیا کوآرڈینیٹر فہیم حسن قریشی،بلال بلوچ، امجد شاہین، ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز میپکو میاں شاہد اقبال، سابق صدر چیمبر آف کامرس ڈاکٹر رانا طارق، چیئر مین یونین کونسلز، لیڈی کونسلرز، خواتین ممبر کارپوریشن، جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو سرفراز احمد حراج، ایس ای میپکو، ایکسیئنز ودیگر سٹاف ممبران موجود تھے۔ قبل ازیں جنرل منیجر ٹیکنیکل میپکو سرفراز احمد حراج نے میپکو ٹرانسفارمرز ریکلیمیشن ورکشاپ وسٹور بہاول پور کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -