شیخ ملتون ٹاؤن کے مکینوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے :م عاطف خان

شیخ ملتون ٹاؤن کے مکینوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے :م عاطف خان

  

مردان (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ شیخ ملتون ٹاؤن مردان کے مکینوں کے مسائل کا حل ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے ٹاؤن میں نکاسی آب ، سڑکوں کی تعمیر اور پارکوں کی تعمیر ومرمت کے لیے میگا پراجیکٹ این ایل سی کے ذریعے زیرتکمیل ہے جس کے پہلے مرحلے کے لیے 40 کروڑروپے کی خطیر رقم فراہم کی گئی ہے ۔اس منصوبے کی تکمیل سے شیخ ملتون ٹاؤن حقیقی معنوں میں ایک ترقیافتہ جدید رہائشی بستی میں تبدیل ہو جائے گا ۔وہ این ایل سی پراجیکٹ کے تحت ٹاؤن میں سیوریج لائن اور پارکوں کے تعمیراتی کا م کے معائنے کے موقع پر علاقہ کے مکینوں اور متعلقہ حکام سے بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما شیر بہادر مہمند، ایازصافی ، شارق خان ،جہانزیب افضل این ایل سی کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر اور ریذیڈنٹ انجنئیر نے محمد عاطف خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے تحت ٹاؤن کے سات پارکوں کی بحالی اور یہاں تفریح کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔وزیر تعلیم نے حکام کو ہدایت کی کہ دومہینے کے اندر پارکوں کی جدید خطوط پر لینڈ سکیپنگ کے ساتھ ساتھ اس میں ڈانسنگ فاؤنٹین اور دوسری جدید سہولیات بھی فراہم کریں اورلیڈیز پارک میں واش رومز بھی بنائے جائیں ۔اُنہوں نے کہا کہ منصوبے کواس کے مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں۔صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے سیکنڈری بورڈ مردان کے زیر تعمیر میگا سپورٹس کمپلکس کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو اس عظیم منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر مردان بورڈ کے چیئرمین پروفیسر شوکت حیات نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 28 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سپورٹس کمپلکس کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے ۔محمد عاطف خان نے چئیرمین بورڈ کو ہدایت کی کہ کنٹریکٹر اور کنسلٹنٹ فرم کے ذریعے یہ کام مقررہ وقت پر مکمل کرانے کی خود نگرانی کریں تاکہ مردان اور بورڈ سے منسلکہ دیگر اضلاع کے طلباء وطالبات اس جدید سپورٹس کمپلکس میں کھیلوں کے بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے فائدہ اُٹھا سکیں ،

مزید :

کراچی صفحہ اول -