پختونوں پر پنجاب کی سر زمین تنگ کرنے والے پاکستان کی یکجہتی کے دشمن ہیں:سردار حسین بابک

پختونوں پر پنجاب کی سر زمین تنگ کرنے والے پاکستان کی یکجہتی کے دشمن ...

  

پشاور(سٹاف رپورٹر ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہاہے کہ2018کے انتخابات سے قبل فاٹا کو خیبرپختون خوا میں انضمام کے عمل کو مکمل کیاجائے، پختونوں پر پنجاب کی سرزمین تنگ کرنے والے وفاق اور پاکستان کی یکجہتی کے دشمن ہیں، دہشت گردی کے خلا ف جنگ میں پختونوں کی قربانیاں لازوال ہیں، ان خیالات کا اظہا رانہوں نے حلقہ پی کے 77 بونیر سواوی خدو خیل میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا جس میں درجنوں افراد نے مستعفی ہوکر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا، سردار حسین بابک نے شامل ہونے والوں کو پارٹی ٹوپیاں پہنائیں اورانہیں مبارک باددی، انہوں نے اپنے خطاب میں کہاکہ قبائلی عوام انگریز سامراج کی کھینچی گئی لکیریں مزید ماننے کو تیارنہیں آئندہ عام انتخابات سے قبل فاٹا کے انضمام کو مکمل کیاجائے اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ کے بعض فیصلے وضاحت طلب ہیں ایف سی آر کے خاتمے اوربلدیاتی نظام کے فیصلے اچھے ہیں تاہم صوبائی اسمبلی کے اراکین کا چناؤ 2018میں ہوگا اور فاٹا کے انضمام کے لئے پانچ سال بعد وقت مقررکیاگیاہے جس سے ابہام پیدا ہوگیاہے، انہوں نے پنجاب میں پختونوں کے خلاف کاروائیوں پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ پختونوں پر زمین تنگ کرنے والے وفاق اورپاکستان کے یکجہتی کے دشمن ہیں انہوں نے کہا کہ پختون بیدار ہو جائیں اور آنے والی مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تا کہ انہیں جائز حقوق اور وسائل مل سکیں ، انہوں نے کہا کہ قبائل میں بھی مردم شماری شفاف انداز میں کرائی جائے کیونکہ ماضی میں غلط اور بوگس اعداد وشمار کی وجہ سے انہیں ان کے حقوق سے محروم رکھا گیا۔سردار حسین بابک نے کہا کہ 82فیصد وسائل آبادی کی بنیاد پر تقسیم ہوتے ہیں اور اگر پختونوں نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو مستقبل میں وہ ایک بار وسائل سے محروم کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک پر پی ٹی آئی نے پختونوں کے حقوق کا سودا کر لیا ہے اور وفاق کے ساتھ اس اہم ایشو پر ان کا مک مکا ہے لیکن اے این پی کا موقف اقتصادی راہداری پر بالکل واضح ہے ہم اس منصوبے سے پورے پاکستان کو یکساں فائدے کے حق میں ہیں اگر اس منصوبے کے فوائد صرف پنجاب سمیٹ رہاہے تو ہمیں ہرگز ایسا منصوبہ منظورنہیں صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہاکہ آج نوازشریف اور عمران خان وزرات عظمیٰ کے چکر میں پھررہے ہیں لیکن ہم پختونوں کے اتحاد اور یکجہتی کے لئے میدان میں نکلے ہیں، انہوں نے کہاکہ آج عمران خان اورپرویز خٹک اے این پی کے خلاف منفی پروپیگنڈے کررہے ہیں کہ گویاہم نے پختونوں کے لئے کچھ نہیں کیا انہوں نے کہاکہ پختون عوام نام نہاد تبدیلی والوں کی اصلیت جان چکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں وہ اپنے مینڈیٹ کی توہین کا بدلہ چکا دیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -