جے یو آئی تحصیل درگئی کے کارکنوں کا جاوید لطیف کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جے یو آئی تحصیل درگئی کے کارکنوں کا جاوید لطیف کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  

سخاکوٹ (نمائندہ پاکستان) پاکستا ن تحریک انصاف کے ایم این اے مراد سعید کے ساتھ لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کی تلخ کلامی اور جھگڑے کے خلاف پی ٹی آئی تحصیل درگئی کے کارکنوں نے ضلعی رہنماء اور ممبر ضلع کونسل پیر مصور خان غازی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ مظاہرین نے پلے کارڈ ز اور بینرز اُٹھا رکھے تھے جس پر مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں جاوید لطیف اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے درج تھیں ۔ایم این اے مراد سعید کو فخر ملاکنڈ اور فخر پی ٹی آئی کا لقب بھی دیا گیا ۔مظاہرین نے اسلام آباد مارچ کرنے کا اعلان کیا ۔ احتجاجی مظاہرین نے درگئی چوک میں جلسے کی شکل اختیار کی جس سے ممبر ضلع کونسل حاجی پیر مصور خان غازی ، یاسر خان ایڈوکیٹ ، سابق ضلعی سینئر نائب صدر محمد رسول خان ، سابق اُمیدوار ضلع کونسل انجینئر ملک عادل خان سواتی ، سابق تحصیل جنرل سیکرٹری سلیمان خان، رحیم داد خان ، حاجی محمد عمران اور اعتبار خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا ۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حاجی پیر مصور خان غازی نے کہا کہ لیگی ممبران اسمبلی اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں اور بوکھلاہٹ کے شکار ہو کر پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی کی تذلیل کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز اسمبلی اجلاس کے دوران فخر ملاکنڈ اور فخر پی ٹی آئی ایم این اے مراد سعید کیساتھ لیگی ایم این اے میاں جاوید لطیف کے جھگڑے نے مرکزی حکومت اور اس کے وفاداروں کی نیت واضح کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ایم این اے مراد سعید پر فخر ہے جنہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پختونوں کے خلاف تعصبانہ رویہ اختیار کرنے پراسمبلی فلور پر آواز بلند کی جو کہ لیگی ایم این ایز کو گوارا نہ ہوا ۔ پیر مصور خان غازی ، یاسر خان ایڈوکیٹ اور محمد رسول خان نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف ، سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن مسلم لیگ ن کے ایم این اے میاں جاوید لطیف کے نازیبا الفاظ اور ہٹ دھرمی کا نوٹس لیں اور ان پر اسمبلی کے دروازے بند کریں کیونکہ جاوید لطیف کے رویے سے اسمبلی اور سیاست کی تقدس پامال ہو گئی ہے ۔ مقررین نے کہا کہ اگر مرکزی حکومت اور متعلقہ اداروں نے جاوید لطیف کے خلاف کاروائی نہیں کی ملاکنڈ کے کارکن اسلام آباد تک مارچ کرینگے ۔ اس موقع پر ممبر ضلع کونسل پیر مصور خان غازی نے متفقہ قرارداد کے ذریعے پی ٹی آئی کے ایم این اے مراد سعید کو فخر ملاکنڈ اور فخر پی ٹی آئی کا خطاب بھی دیا ۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -