”میرے والد نے ہسپتال کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا مگر ہمیں افتتاحی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا “،قاضی حسین احمدمرحوم کی صاحبزادی نے پی ٹی آئی پر چڑھائی کر دی
نوشہرہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )مرحوم قاضی حسین احمد کی صاحبزادی نے اپنے والد کے نام سے منسوب ہسپتال کے افتتاح پر مدعو نہ کیے جانے پر تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق جماعت اسلامی کے مرحوم سربراہ قاضی حسین احمد کی صاحبزادی سامعہ قاضی راحیل قاضی نے ”قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کی افتتاحی تقریب میں مدعو نہ کیے جانے پر تحریک انصاف کی قیادت پر چڑھائی کردی۔اپنے بیان میں انکا کہنا تھا کہ میرے والد نے میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر ، سہولیات اور ہسپتال کیلئے 2002ءمیں اراضی مختص کرنے میں اہم کردار ادا کیا مگر اس کے باوجود ہمیں ہسپتال کے افتتاح کی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا جو باعث افسوس ہے ۔
لاہور میں فائرنگ سے پیپلز پارٹی کے رہنما بابر سہیل بٹ جاں بحق
”میں نے بھی بطور رکن قومی اسمبلی ہسپتال کے قیام میں بھرپور کردار ادا کیا تھا اور دونوں پارٹیوں میں یہ طے شدہ بات تھی کہ میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح مرحوم قاضی حسین احمد کی خدمات کے نتیجے میں کیا جائے گا مگر اس کے باوجود نہ تو ہمارے خاندان کے کسی فرد کو مدعو کیا گیا اور نہ پارٹی رہنما کو دعوت دی گئی بلکہ عمران خان نے اس کا افتتاح کر دیا “۔ سامعہ قاضی نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے جماعت اسلامی کو کریڈٹ نہیں دینا چاہتی ۔
گرلز سکول کے قریب زور دار دھماکا
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اپنے طور پر ہسپتال کا نام تبدیل کرنے کے حوالے سے بھی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے ۔”پی ٹی آئی نے اپنے من پسند افراد کو ہسپتال میں نوکریاں دینے کے حوالے سے بھی کوشاں تھی “۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نوشہرہ میں قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کا افتتاح کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرحوم چیف کو خراج تحسین پیش کیا تھا تاہم اس تقریب میں جماعت اسلامی کے کسی رہنما کو مدعو نہیں کیا گیا تھا ۔