وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس،نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا سکیورٹی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میںفیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرنے اور امن وترقی کے دشمنوں کے عزائم کوکسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائیگا۔میاں نواز شریف نے ہدایت کی کہ ردالفساد کی رفتارکوتیزاورعملدرآمدیقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔اجلا س کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی کیلئے انتہاپسندی اوردہشت گردی کاخاتمہ ازحدضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،ڈی جی آئی ایس آئی جنرل نوید مختار،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار،وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف،وزیرخزانہ اسحاق ڈار،مشیر خارجہ سرتاج عزیز اورقومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ سمیت دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔اس موقع پرآپریشن ردالفساد کے اب تک کے نتائج اور کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے مسلح افواج اوردیگرقانون نافذکرنیوالے اداروں کی کارکردگی پراطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس میں انسداد دہشت گردی کے موجودہ قوانین اورموثر عملدرآمد کابھی جائزہ لیا گیا۔