صدر مملکت نے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے تحت40مستحق فنکاروں کو 8.3 ملین امداد کی منظوری دیدی
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت ممنون حسین نے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے تحت 40مستحق فنکاروں کو 8.3 ملین امداد کی منظوری دیدی۔ آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کا سہ ماہی اجلاس صدر مملکت کی صدارت میں ایوان صدر میں ہوا جس میں سٹیئرنگ کمیٹی کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے اس موقع پرکہا کہ فنکار معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں جنھوں نے اپنی زندگی خوشیاں بکھیرنے میں صرف کی اس لئے ان کی ضروریات پوری کرنا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ فنکار، شاعر اور مصنف ہماری ثقافت کے سفیر ہوتے ہیں اور اپنی ثقافت اجاگر کرنے کیلئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس فنڈ کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ معاشرے میں ضرورتمند افراد کی مدد کرنا سماجی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ممتاز صنعت کار عارف حبیب نے آرٹسٹ فنڈ کیلیے صدر مملکت کو پچاس لاکھ روپے عطیہ کا چیک بھی پیش کیا۔اس موقع پر آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ اسٹیرنگ کمیٹی کے ارکان اصغر ندیم سید، اکرم دوست، عارف حبیب، عطاالحق قاسمی، مصطفی قریشی، نجیب اللہ قریشی، شاہد شفیق، قوی خان ، سلمان علوی ، زیبا محمد علی،سائرہ کاظمی اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔