مولانا طارق جمیل نے اپنی گارنٹی دے کر اداکارہ وینا ملک کا گھر ٹوٹنے سے بچالیا

مولانا طارق جمیل نے اپنی گارنٹی دے کر اداکارہ وینا ملک کا گھر ٹوٹنے سے بچالیا
مولانا طارق جمیل نے اپنی گارنٹی دے کر اداکارہ وینا ملک کا گھر ٹوٹنے سے بچالیا

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اپنی گارنٹی دے کر اداکارہ وینا ملک اوران کے شوہر اسد خٹک کا گھر ٹوٹنے سے بچالیا۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی اے آروائے نیوز کے اینکر پرسن وسیم بادامی نے وینا ملک اور ان کے شوہر اسد خٹک کو صلح کی غرض سے اپنے پروگرام میں بلایا ۔ پروگرام کے دوران وینا ملک نے خوب گلے شکوے کیے ، اس دوران ان کے شوہر معافیاں مانگتے رہے۔ انہی شکوے شکایات کے دوران مولانا طارق جمیل کو بذریعہ ٹیلی فون پروگرام میں شریک کرلیا گیا۔

اس موقع پر مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ وینا میری بیٹی ہے اس لیے میں چاہوں گا کہ ان کی صلح ہو جائے اور ان کا گھر آباد ہو جائے لیکن صلح سے پہلے وہ اسباب دور ہونے چاہئیں جن کی وجہ سے نوبت یہاں تک پہنچی ہے۔

بعض باتوں پر اسد کو معاف نہیں کروں گی ، آئندہ ٹی وی پر دیکھ کر سب کو فخر محسوس ہوگا:وینا ملک

اس موقع پر وینا کے شوہر اسد نے مولانا سے کہا کہ میری سفارش کردیں جس پر مولانا طارق جمیل نے کہا کہ باپ ہمیشہ بیٹی کا حمایتی ہوتا ہے اس لیے میں وینا کا ہی حمایتی ہوں۔ مولانا طارق جمیل نے وینا سے کہا کہ اگر اسد معافی مانگ رہا ہے تو ایک چانس مل جانا چاہیے اور اگر یہ گارنٹی دیتا ہے تو بات مان لینی چاہیے۔

وینا نے کہا کہ پہلے میں اسد کو کہہ چکی تھی کہ سورج مغرب سے نکل سکتا ہے لیکن میں آپ سے صلح نہیں کروں گی کیونکہ آپ نے مجھے بہت پریشان کیا ہے لیکن مولانا صاحب آپ کی بات میرے سر آنکھوں پر ، اگر اسد لکھ کر دیں اور آپ گارنٹی دیں تو میں صلح پر تیار ہوں ۔

وینا کے مطالبے پر اسد خٹک نے مولانا طارق جمیل کو عدم تشدد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اب اگر میری شکایت ہوئی تو آ پ کے ہاتھ اور میرے کان ہوں گے۔ اس پر مولانا طارق جمیل نے اپنی گارنٹی دی جس پر وینا نے بھی صلح کرلی۔

پروگرام میں دلچسپ بات یہ بھی تھی کہ وینا ملک نے اس میں ننگے سر شرکت کی لیکن جیسے ہی مولانا طارق جمیل فون کال کے ذریعے پروگرام میں شریک ہوئے تو وینا ملک نے فوری طور پر اپنا سر دوپٹے سے ڈھانپ لیا ، جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ واقعی مولانا طارق جمیل کا احترام کرتی ہیں۔

مزید :

تفریح -اہم خبریں -