کاروباروں کی ترقی کیلئے مواصلات کا جدید نظام ضروری ہے: خواجہ خاور رشید

کاروباروں کی ترقی کیلئے مواصلات کا جدید نظام ضروری ہے: خواجہ خاور رشید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ دور جدید میں ٹیلی کمیونیکیشن کاروبار ی ترقی کے لیے ناگزیر ہوچکا ہے کیونکہ اس کے ذریعے مقامی و غیرملکی کلائنٹس تک پہنچنے میں مدد ملتی ہے، تاجروں کو کمیونیکیشن کی جدید تکنیکوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات لاہور چیمبر اور پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان موبائل کمیونیکیشن کے ریجنل مینیجر شوکت علی میو اور لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبر نعیم حنیف بھی اس موقع پر موجود تھے۔خواجہ خاور رشید نے کہا یہ اچھا شگون ہے کہ پاکستان میں کمیونیکیشن سیکٹر ترقی کررہا ہے لیکن ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ آنے کے لیے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سال کے دوران پاکستان میں سیلولر مارکیٹ نے تیزی سے ترقی کی ہے۔ 2002ء میں صرف 3.29فیصد لوگ سیلولر فون استعمال کررہے تھے مگر اس سال فروری میں یہ تعداد 70فیصد تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا حکومت ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کی بہتری کے لیے تیز رفتار اقدامات اٹھائے جس سے کاروباری آپریشنز بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ قبل ازیں لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر خواجہ خاور رشید اور پاکستان موبائل کمیونیکیشنز کے ریجنل مینیجر شوکت علی میو نے اپنے اپنے اداروں کے ایماء پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔

مزید :

کامرس -