یونیک گروپ کا مارچ کے مہینے کو ماہ ’’یوم پاکستان‘‘ کے حوالے سے منانے کا اعلان
لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر)یوم پاکستان کے حوالے سے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز نے مارچ کے مہینے کو ماہ ’’یوم پاکستان‘‘ کے حوالے سے منانے کا اعلان کیا ہے۔ ریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خاں نے کہا ہے کہ یونیک گروپ مارچ کے مہینے کو ’’یوم پاکستان‘‘ کے حوالے سے منائے گا اور اس حوالے سے تمام ہونے والی تقریبات بھی ’’یوم پاکستان‘‘ سے منسوب ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ کے مرکزی آفس میں مختلف برانچز کے پرنسپلز صاحبان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن قیام پاکستان کے حوالے سے خصوصی اہمیت کا حامل ہے اور 23 مارچ 1940ء کو قائداعظم نے پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی اور آج ہمیں اسی پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لئے اپنا خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں میں ’’یوم پاکستان‘‘ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے یونیک گروپ نے فیصلہ کیا ہے کہ مارچ کے مہینے کو یوم پاکستان کے حوالے سے منایا جائے۔