(ن) لیگ کی کرپشن پر کھڑی عمارت زمیں بوس ہو چکی ہے،عبدالعلیم

(ن) لیگ کی کرپشن پر کھڑی عمارت زمیں بوس ہو چکی ہے،عبدالعلیم

  

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کی کرپشن اور دو نمبر ی پر کھڑی سیاسی عمارت زمیں بوس ہو چکی ہے اب کسی قیمت پر کوئی بیانیہ کسی کام نہیں آئے گا اور لاہور شہر ہی نہیں سارا پنجاب عمران خان کے حق میں فیصلہ دے گا ،انہوں نے کہا کہ اپنی من پسند حلقہ بندیوں سے دوسروں کے لئے گڑھا کھودنے والے خود اس میں گریں گے اور انشاء اللہ کامیابی تحریک انصاف کے قدم چومے گی ،عبدالعلیم خان یہاں لاہور کے مختلف علاقوں چونگی امر سدھو ، صدر بازار،دھرمپورہ ،کوٹ لکھپت ،چرڑ پنڈ ، ڈیفنس ،عید گاہ محلہ اور ڈگی محلہ میں مختلف اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے 8سے زائد جگہوں پر پارٹی کی ممبر شپ کا جائزہ کے علاوہ پارٹی دفاتر کے افتتاح بھی کیے

،ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی ،کینٹ کونسلر زفیصل حاکم بھٹی ،استاد رشید ، پارٹی کے مقامی رہنما حافظ فرحت عباس ، شاہد خان ، چوہدری اخلاق ،علی امتیاز وڑائچ ،ہمایوں جہانگیر اور فہیم خان لودھی بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ سینکڑوں پارٹی کارکنوں نے جگہ جگہ عبدالعلیم خان کا والہانہ استقبال کیا ، نوجوان ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اور غبارے کبوتر چھوڑنے کے علاوہ آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا ، اپنے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوامی عدالت سے فیصلے کرانے کے شوقین اب صبر کریں ان کی خواہش جلد پوری ہونے والی ہے عمران خان کا لوگوں کو دیا گیا سیاسی شعور ضرور رنگ لائے گا اب ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہو جائے گا ، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سوائے اشتہار بازی کے عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا،میاں برادران نے قوم کے 5سال ضائع کیے البتہ میگا منصوبوں کے نام پر اپنی جیبیں ضرور بھریں ،عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ وہ جاری ممبر شپ مہم میں دل و جان سے محنت کریں اور عمران خان کا تبدیلی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں انہوں نے کہا کہ جلد عمران خان لاہور سمیت مختلف شہروں کا دورہ کریں گے ، تاکہ عوامی رابطہ مہم میں تیزی لائی جا سکے ،ایم پی اے شعیب صدیقی اور دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ سارا لاہور شہر عبدالعلیم خان کا احسا ن مند اور ان کی خدمات کا معترف ہے اور انشاء اللہ آئندہ انتخابات میں عمران خان سے حکم دیں گے وہاں سے الیکشن لڑیں گے اور جیت کر دکھائیں گے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -