امتحانی سنٹروں پر چھاپے ، 8مراکز کا عملہ تبدیل ، 7طلباء کیخلاف مقدمات درج

امتحانی سنٹروں پر چھاپے ، 8مراکز کا عملہ تبدیل ، 7طلباء کیخلاف مقدمات درج

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) بوٹی مافیا اور ناجائز ذرائع استعمال کرنے والے طلباء کے گرد گھیرا تنگ ،لاہور تعلیمی بورڈ حکام نے میٹرک امتحانات کے دوران نقل اور دوسرے ناجائز ذرائع استعمال کرنے پر 7طلباء کے خلاف یو ایم سی بنا کر مقدمات درج کر وا دیئے جبکہ3 امتحانی سنٹرز پر اصل امیدوار کی بجائے دوسرے افراد کے پیپر دینے پر سپرنٹنڈنٹ سمیت تمام عملہ تبدیل کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے تحت جاری میٹرک کے امتحانات میں مختلف امتحانی سنٹرز سے نقل اور دوسرے ناجائز ذرائع کے استعمال کی شکایات موصول ہونے پر چیئرمین لاہور تعلیمی بورڈ چوہدری اسماعیل نے پنجاب یونیورسٹی میں بنے امتحانی سنٹر کا اچانک دورہ کیا جہاں امیدوار رولنمبر 326287کی جگہ کوئی اور شخص پیپر حل کر رہا تھا جس پر کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو فوری پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔علاوہ ازیں کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈپروفیسر ناصر جمیل مختلف امتحانی سنٹرز کا اچانک دورہ کرتے ہوئے ہئیر امتحانی سنٹر میں رولنمبر 327565 اور بیدیاں روڈ پر بنے امتحانی سنٹر میں رولنمبر 171136 پر اصل امیدوار کی جگہ دوسرے اشخاص کو پیپر دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور موقع پر دونوں اشخاص کو گرفتار کرواتے ہوئے امتحانی سنٹرز پر سپرنٹنڈنٹ سمیت تمام عملہ تبدیل کر دیا ۔علاوہ ازیں مختلف امتحانی سنٹرزسے 7امیدوار رولنمبر 202275، 246096 ، 313347 ، 336536، 327132، 327155 ، اور رولنمبر 214901کو نقل اور دوسرے ناجائز ذرائع استعمال کرتے ہوئے موقع پر پکڑ کر ان کے خلاف یو ایم سی بنا کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے کنٹرولر امتحانات ناصر جمیل نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹرک امتحانات شفاف طریقے سے جاری ہیں اور امتحانات میں نقل ، جعل سازی اور دوسرے ناجائز ذرائع استعمال کرنے والے کسی امیدوار کو برداشت نہیں کیا جائے گا ابنہوں نے کہا کہ نقل اور دوسرے ناجائز ذرائع استعمال کرنے والے امیدواروں کے خلاف یو ایم سی کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں اور امتحانات میں شفافیت ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔