اسلام احترام انسانیت اور فلاح کے ساتھ خدمت خلق کا درس دیتا ہے ، ذکر اللہ مجاہد

اسلام احترام انسانیت اور فلاح کے ساتھ خدمت خلق کا درس دیتا ہے ، ذکر اللہ مجاہد

  

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ اسلام احترام انسانیت اور فلاح کے ساتھ خدمت خلق کا درس دیتا ہے ، اسلام میں ایک دوسرے کے دکھ درد اور تکلیف کو اپنا دکھ سمجھنے کو کہا گیا ہے لہٰذا بحیثت مسلمان ہم سب کو ضرورت مندوں ، مساکین اور مستحقین کی فلاح و بہود کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پی پی 159 بدوکی میں فری میڈیکل کیمپ کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، این اے 129 کے گروپ لیڈر محمد اعجاز ، امیر جماعت اسلا می پی پی 159 لاہور محمد یونس ایڈووکیٹ ، چوہدری الحمید گجر ، سلیم ضیاء ، ڈاکٹر عرفان ، ڈاکٹر عظمت اور لیڈی ڈاکٹر سمینہ سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ملک بھر میں 60فیصد سے زائد لوگ غربت ، بیروزگاری اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور ان حالات میں بیماری سے پریشان حال لوگوں کیلئے ڈاکٹروں کی فیس، میڈیکل ٹیسٹ ، ادویات اور ہسپتال کے اخراجات کو برداشت کرنا ممکن نہیں ہے جبکہ عوام الناس کو صحت و تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسا ممکن نہیں ہے ،الخدمت فاؤنڈیشن اسی ضرورت کے پیش نظر نادار اور مستحق طبقہ کے لوگوں کے لیے شہر بھر میں یونین کونسل اور پی پی کی سطح پر فری میڈیکل کیمپوں کا انعقاد کر رہی ہے ۔اس موقع پرصدر الخدمت فاؤنڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن لاہور کی خدمات کی اس قو س قزح سے شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں مستحقین مریض مستفید ہورہے ہیں ۔ الخدمت فاؤنڈیشن شہر سمیت ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل انسانیت کی خدمت کر رہی ہے اور اس کے رضاکار نیک نیتی اور دیانت داری سے بے سہاراور ضرورت مندوں کی خدمت میں ہمہ وقت کوشاں ہیں ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -